لاہور: دنیا بھر میں یوٹیوب، جی میل سمیت گوگل سروسز ڈاؤن ہونے کے بعد بحال ہو گئیں۔
گوگل کی متاثر ہونے والی سروسز میں جی میل اور یوٹیوب کے علاوہ گوگل ہینگ آؤٹس، گوگل چیٹس اور گوگل میٹ بھی شامل تھیں جن کے استعمال میں عالمی وبا کورونا وائرس کے دوران بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
گوگل کی بیک اینڈ سروسز پر انحصار کرنے والی تھرڈ پارٹی ایپلی کیشنز اور سروسز بھی بظاہر متاثر ہوئیں۔
پاکستان سمیت دیگر ممالک میں یوٹیوب کی سروس بری طرح متاثر ہوئی جس سے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
سروس معطل ہونے کے بعد یوٹیوب کی جانب سے ایک ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ صارفین کو یوٹیوب کے استعمال میں پیش آنے والی دشواری سے آگاہ ہیں اور سروس کو بحال کرنے کیلئے تکنیکی ٹیمیں کام کر رہی ہیں۔
گوگل نے باضابطہ طور پر اپنی سروسز کے دنیا بھر میں متاثر ہونے تصدیق نہیں کی تاہم ویب سائٹس کے ڈاؤن ٹائم یعنی متاثر ہونے پر مسلسل نظر رکھنے والی ویب سائٹ ڈاؤن ڈیٹیکٹر کے مطابق کئی ممالک میں یوٹیوب اور جی میل سمیت گوگل کی بیشتر سروسز ایک گھنٹے سے زائد معطل رہیں۔
گوگل کی اپنی ویب سائٹ کے مطابق کمپنی کی سروسز لگ بھگ ڈیڑھ گھنٹے تک معطل رہنے کے بعد اکثر صارفین کے لیے بحال ہو گئیں۔