اسلام آباد: ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں گزشتہ ہفتہ کے دوران 160.6 ملین ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) کی رپورٹ کے مطابق 4 دسمبر2020ء کو ختم ہونے والے ہفتہ کے دوران ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کا مجموعی حجم 20.402 ارب ڈالر رہا۔
سٹیٹ بینک کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر کا حجم 13.298 ارب ڈالر اور کمرشل بینکوں کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر کا حجم 7.193 ارب ڈالر رہا۔
پیوستہ ہفتہ کے اختتام پر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر کا حجم 20.241 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا، اس میں سٹیٹ بینک کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر 13.110 ارب ڈالر اور بینکوں کے پاس 7.130 ارب ڈالر موجود تھے۔
جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں ملکی زرمبادلہ کے ذخائرمیں مجموعی طور پر 1.516 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا ہے، جون کے اختتام پر زرمبادلہ کے ذخائر کا حجم 18.886 ارب ڈالرتھا جبکہ 4 دسمبر کو ختم ہونے والے ہفتہ کے دوران زرمبادلہ کے ذخائر 20.402 ارب ڈالر ہو گئے ہیں۔