اسلام آباد: وزارت منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پاکستان ریلوے کے نظام کو مقامی اور بین الاقوامی سطح پر وسعت دینے کے حوالے سے جامع حکمت عملی اپنانے پر غور کر رہی ہے۔
اس حکمت عملی کے تحت خصوصاََ چین کے شہر کاشغر سے افغانستان کے شہر مزار شریف تک ریلوے کے نظام کو منظم کرنے کے حوالے سے غور کیا جا رہا ہے۔
اس کے علاوہ ملک ریلوے لائن کو خیبر پختونخوا کے شہر حویلیاں سے چین کے صوبہ سنکیانگ کے شہر کاشغر سے منسلک کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیے:
شہر قائد میں 21 سال بعد سرکلر ریلوے سروس بحال
چاروں صوبوں میں ریلوے کی 4400 ایکڑ اراضی پر قبضہ
ہائپر لوپ ٹرین لائن کی تعمیر، کسانوں نے ریلوے انتظامیہ پر مقدمہ دائر کر دیا
اسی طرح سی پیک کو وسطی ایشیا سے جوڑنے اور خطے میں رابط سازی کے عمل کو تیز کرنے کے لئے ریلوے لائن کو کابل اور اس کے بعد مزار شریف افغانستان سے ملانے کے حوالے سے بھی تجاویز پیش کی گئی ہیں۔
واضح رہے کہ خطے میں زمینی روابط عمل کو بہتر اور آسان بنانے کے لئے گوادر پورٹ کو پورے ملک سے جوڑنے خصوصاََ جیکب آباد اور کوئٹہ کو بازیمہ کے ذریعے گوادر سے ملانے کے لئے چار سے پانچ ارب ڈالر کی لاگت سے ریلوے لائن بچھائی جائے گی۔
وزارت ریلوے میں سی پیک پراجیکٹ کے حکام کے مطابق ایم ایل ون منصوبہ کو وسعت دے کر کراچی کو پشاور اور ٹیکسلا کو حویلیاں سےجوڑنے سے ترقی کی ایک نئی جہت کا آغاز ہو گا جس سے ٹیلی کمیونکیشن سسٹم کے فروغ کے علاوہ سامانِ تجارت کی نقل و حمل میں بھی آسانیاں پیدا ہونگی۔
اسی طرح اس منصوبے کی وسعت سے کراچی سے لاہور کے سفر کے 18 گھنٹے کے دورانیہ میں کمی واقع ہو گی اور یہ صرف 10 گھنٹے میں مکمل ہو گا۔