لاہور: پنجاب کابینہ نے صوبے میں پانچ سیمنٹ فیکٹریوں کے قیام کی منظوری دے دی۔
لاہور میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ صوبائی کابینہ نے ان سیمنٹ فیکٹریوں کے قیام کے لیے 200 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی منظوری دی ہے۔
اس سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اپنے ایک ٹویٹر پیغام میں اس پیشرفت سے متعلق آگاہ کیا تھا۔
وزیراعلیٰ بزدار نے کہا تھا کہ صوبے میں اب تک صرف 12 سیمنٹ پلانٹس ہیں لیکن پنجاب کابینہ نے پانچ مزید سیمنٹ پلانٹس کے قیام کے این او سی جاری کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ نئے پلانٹس صوبے میں 150 ارب روپے سے 200 ارب روپے کی سرمایہ کاری لانے کے علاوہ ہزاروں شہریوں کے لیے روزگار کے مواقع بھی پیدا کریں گے۔
4 دسمبر 2020ء کو وزیر صنعت و تجارت پنجاب میاں اسلم اقبال نے کہا تھا کہ صوبائی حکومت نے سرمایہ کاروں کو وََن ونڈو کی سہولت فراہم کرنے کے سلسلے میں ان سیمنٹ پلانٹس کو این او سیز جاری کرنے کے عمل کو تیز کر دیا ہے کیونکہ صوبے میں ان سیمنٹ پلانٹس کے قیام کے نتیجے میں اربوں روپوں کی سرمایہ کاری کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیے:
پانچ ماہ کے دوران سیمنٹ سیکٹر کی برآمدات میں 21.54 فیصد اضافہ
پاک افغان ٹریڈ میں رکاوٹیں، سیمنٹ کی پچاس فیصد مارکیٹ ایران کے پاس چلی گئی
میاں اسلم اقبال کا کہنا تھا کہ متعلقہ حکام بروقت این او سیز جاری کرنے کے پابند ہیں، این او سی حاصل کرنے والی کمپنیاں چھ ماہ کے اندر اپنے پلانٹ لگانے کی پابند ہوں گی۔
اسلم اقبال نے سیمنٹ کمپنیوں کو حالیہ سرمایہ کاری ملنے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ “ہم اٹک، خوشاب اور میانوالی میں سیمنٹ سیکٹر میں بیسٹ وے سیمنٹ گروپ کی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتے ہیں اور بیسٹ وے سیمنٹ کو ہر طرح کی ممکنہ معاونت فراہم کی جائے گی”۔
سیمنٹ گروپ نے اٹک، میانوالی اور خوشاب میں نئے سیمنٹ پلانٹ کے قیام سے متعلق بات چیت کی تھی۔ وفد کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ان کے گروپ نے اٹک، میانوالی اور خوشاب میں نئے سیمنٹ پلانٹس لگانے کے لیے درخواست دی تھی اور این او سی ملنے کے انتظار میں تھے۔
انہوں نے کہا کہ “جتنی جلدی ہمارے گروپ کو این او سی ملے گا اتنی جلد سیمنٹ انڈسٹری میں اربوں روپوں کی سرمایہ کاری کی جائے گی”۔
یہ بھی مدِنظر رہے کہ کابینہ اجلاس میں صوبائی حکومت نے سیلاب اور ٹڈی دل سے متاثرہ کسانوں کی امداد کے لیے صوبے کے مختلف اضلاع کو 100 ملین روپے کا امدادی پیکیج دینے کا اعلان کیا ہے۔