وزیراعظم نے نجی فضائی کمپنی ائیرسیال کا افتتاح کر دیا

وزیراعظم عمران خان کا دورہ سیالکوٹ، فضائی کمپنی ایئرسیال کا افتتاح، یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اینڈ اپلائیڈ سائنسز کا سنگ بنیاد رکھ دیا، کامیاب جوان پروگرام کے تحت قرضوں کے چیک تقسیم، کاروباری برادری سے ملاقات

873
سیالکوٹ: وزیراعظم عمران خان ائیرسیال کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کر رہے ہیں ( فوٹو: پی آئی ڈی)

سیالکوٹ: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ برآمدات میں اضافہ اور صنعت کا فروغ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، ایئرسیال کے آغاز سے پی آئی اے اور دیگر فضائی کپنیوں کے ساتھ مقابلے کی فضا پیدا ہو گی اور مسافروں کو سہولتیں ملیں گی۔

بدھ کو سیالکوٹ میں فضائی کمپنی ایئرسیال کے افتتاح کے بعد کاروباری برادری کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ملکی ترقی میں سیالکوٹ کی بزنس کمیونٹی کا اہم کردار ہے، مستقبل قریب میں سیالکوٹ برآمدی سرگرمیوں کا مرکز ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کی کاروباری برداری کو مستقبل میں اپنی ایئرلائن کی ضرورت پڑنا تھی، اسی لئے انہوں نے یہاں پر پہلے ایک شاندار ایئرپورٹ اور پھر اپنی ایئرلائن بنائی ہے، ایئر سیال کے آغاز سے پی آئی اے اور دیگر فضائی کپنیوں کے ساتھ مقابلے کی فضا پیدا ہو گی اور مسافروں کو سہولتیں ملیں گی۔

سیالکوٹ: وزیراعظم عمران خان فیتہ کاٹ کر ائیرسیال کا افتتاح کر رہے ہیں (فوٹو: پی آئی ڈی)

وزیراعظم نے کہا کہ کورونا کی صورت حال میں معاشی سرگرمیاں جاری رکھنا اہم چیلنج تھا، وائرس کو روکنے کے لئے لاک ڈاﺅن بہترین راستہ ہے، اللہ کے فضل و کرم اور عوام کے تعاون سے پہلی لہرمیں صورتحال کنٹرول میں رہی، موثر حکمت عملی پر ڈبلیو ایچ او نے پاکستان کا شمار ان سات  ممالک میں کیا جنہوں نے کورونا سے نمٹنے کے لئے بہترین اقدامات کئے، روز گار، کاروبار اور اپنے لوگوں کو کورونا سے بچایا۔

یہ بھی پڑھیے: 

پاکستانی بزنس کمیونٹی کی بنائی گئی ائیرسیال کا پہلا طیارہ سیالکوٹ پہنچ گیا

سیالکوٹ: کھیلوں کا سامان بنانے والا شہر اب ایوی ایشن کا مرکز بن رہا ہے، کامیابی کی رفتار ناقابل یقین

عمران خان کے بقول اپوزیشن اُس وقت لاک ڈاﺅن نہ کرنے پرحکومت پر تنقید کر رہی تھی لیکن پچھلی مرتبہ مکمل لاک ڈاﺅن کا مطالبہ کرنے والی اپوزیشن آج جلسے کرتی پھرتی ہے۔ کورونا کی دوسری لہر کے دوران صحیح معنوں میں احتیاطی تدابیر اختیار نہ کی گئیں تو موسم سرما میں مشکلات پیش آئیں گی۔

انہوں نے کہا کہ امریکا میں ہر چار دنوں میں اتنے لوگ کورونا سے ہلاک ہوئے ہیں جتنے پاکستان میں سات ماہ میں نہیں ہوئے، اس وقت کیلی فورنیا، انگلینڈ اور اٹلی میں لاک ڈاﺅن کی صورت حال ہے۔ عوام سے اپیل ہے کہ ماسک پہنیں اور حفاظتی تدابیر پر عمل کریں کیونکہ ماسک پہننے سے کورونا کا پھیلاﺅ روکا جا سکتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کاروباری طبقے کو سہولتوں کی فراہمی کے لئے پرعزم ہے اور کاروباری طبقے کی حوصلہ افزائی کرنا چاہتی ہے تاکہ کاروباری سرگرمیاں بڑھیں، حکومت کا سب سے بڑا مقصد یہ ہے کہ لوگوں کو غربت سے نکالا جائے اور گلگت بلتستان، سابق فاٹا، انضمام شدہ اضلاع، بلوچستان اور پنجاب کے پسماندہ علاقوں کو ترقی دی جائے، پائیدار خوشحالی کے لئے یکساں ترقی ضروری ہے۔

سیالکوٹ: وزیراعظم عمران خان یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی اینڈ اپلائیڈ سائنسز کا سنگ بنیاد رکھ رہے ہیں (فوٹو: پی آئی ڈی)

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی کوشش ہے کہ جن علاقوں میں احساس محرومی ہے وہاں سہولیات دی جائیں، غریب افراد کے لئے پالیسیاں بنائی جائیں اور اسی مقصد کے لئے احساس پروگرام شروع کیا گیا ہے لیکن اس کے لئے دولت کی فراوانی بھی ضروری ہے کیونکہ دولت کے بغیر غربت کا خاتمہ نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ جب موجودہ حکومت اقتدار میں آئی تو زرمبادلہ کے ذخائر کم تھے اور ادائیگیوں کے لئے رقم نہیں تھی۔ برآمدات کم اور درآمدات زیادہ تھیں، اب حکومت برآمدات میں اضافہ کرنا چاہتی ہے، کوشش ہے کہ سیالکوٹ کی صنعت کو ہر ممکن سہولت فراہم کریں۔

وزیراعظم نے کہا کہ نوجوان پاکستان کی آبادی کا بڑا حصہ ہیں، انہیں روزگار کے مواقع فراہم کرنے ہیں، اس سلسلہ میں وزیراعظم آفس کے تحت وفاقی وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر اور ٹاسک فورس رکاوٹیں دور کرنے اور چھوٹے و درمیانے درجے کی صنعت کے لئے آسانیاں پیدا کرنے کے لئے اقدامات کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ میں جدید یونیورسٹی کے قیام کا منصوبہ ہے، اس یونیورسٹی میں مصنوعی ذہانت، ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں پر توجہ ہو گی۔ اسی طرح ہم نے ہری پور میں آسٹریا کے تعاون یونیورسٹی قائم کی ہے جہاں پر عالمی معیار کے حامل انجینئرز پیدا ہوں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ کاروباری برادری کے ایف بی آر، سٹیٹ بینک اور یوٹیلیٹی کمپنیوں کے حوالے سے مسائل حل کئے جائیں گے، عوامی مسائل کے حل کے لئے موثر بدیاتی نظام لا رہے ہیں، شہری حکومتیں بنائی جائیں گی اور میئر کا انتخاب براہ راست ہو گا، اپریل کے بعد ان کے انتخابات ہوں گے جو اپنے مقامی مسائل خود حل کرسکیں گے۔

علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے سیالکوٹ میں کامیاب جوان پروگرام کے تحت چیک بھی تقسیم کیے، اس موقع پر خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ ماضی میں ٹیکس کا پیسہ منصوبہ بندی کے بغیر جھونک دینا اور اس کے لئے ذاتی تشہیر آسان کام تھا، قوم نئی حکومت سے یہ توقع رکھتی ہے کہ وہ کوئی بٹن دبا کر تبدیلی لے آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کے لئے صوبائی حکومت نے جامع منصوبہ بندی کی ہے، پینے کے صاف پانی کی فراہمی، پارک وغیرہ اس میں شامل ہیں، شہروں کی منصوبہ بندی نہ ہونے اور بے ہنگم پھیلاؤ سے نہ تو سیوریج کا نظام ٹھیک ہو گا اور نہ ہی دیگر سہولیات میسر ہوں گی، حکومت کی کوشش ہو گی کہ ہر شہر کا ایک ماسٹر پلان ہو جس کے تحت شہر کی حدبندی ہو تاکہ شہروں کا پھیلائو روکا جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اگر شہروں کا پھیلائو یوں ہی جاری رہا تو زرعی اراضی ختم ہو جائے گی اور آنے والی نسلوں کو اجناس کے حوالے سے مشکلات درپیش ہوں گی، سیوریج سسٹم نہ ہونے سے پینے کا پانی آلودہ ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ میں ٹیکنالوجی و اپلائیڈ سائنسز یونیورسٹی کا سنگ بنیاد رکھا ہے، اس کا کریڈٹ ڈاکٹر عطاء الرحمن کو جاتا ہے جنہوں نے مشرف دور میں اعلیٰ تعلیمی کمیشن کے لئے نمایاں خدمات سر انجام دیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ قومیں اعلیٰ تعلیم، انجینئرنگ اور سائنسی اداروں کی بنیاد پر آگے بڑھتی ہیں، برطانیہ میں کیمبرج اور آکسفورڈ دو یونیورسٹیوں نے دنیا بھر کو سائنسدان اور لیڈر دیئے ہیں، ہماری بدقسمتی ہے کہ ماضی میں اس جانب کوئی توجہ نہیں دی گئی۔

سیالکوٹ: وزیراعظم عمران خان کامیاب جوان پروگرام کے تحت قرضوں کے چیک تقسیم کر رہے ہیں (فوٹو: پی آئی ڈی)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومتوں نے ماضی میں صنعت کے شعبہ پر بھی توجہ نہیں دی، سیالکوٹ کے لوگوں میں یہ خوبی ہے کہ انہوں نے جوش وجذبہ سے کام کرکے اس شہر صنعتی مرکز بنا دیا، اب خوش قسمتی سے یہاں ایسی حکومت ہے جس کی پالیسی برآمدات میں اضافہ اور صنعت کا فروغ ہے، حکومت سیالکوٹ کے صنعت کاروں کے ساتھ کھڑی ہے۔

وزیراعظم کے بقول سیالکوٹ کی کاروباری برداری کی جانب سے انڈسٹریل اسٹیٹ کے لئے ایک ہزار ایکڑ اراضی دینے کا مطالبہ کیا گیا، وزیر اعلیٰ پنجاب سے مشاورت کرکے اس کو جلد حتمی شکل دیں گے، اس سے مختلف علاقوں میں پھیلی صنعت کو ایک جگہ لائیں گے، یوں گوجرانوالا، گجرات اور وزیرآباد کی صنعتیں بھی ایک ہی جگہ آ سکیں گی۔

انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو اپنے کاروبار شروع کرنے کے لئے قرضوں کی فراہمی ہے اس کے لئے مختص رقم میں وسائل کے ساتھ اضافہ کریں گے، اس سلسلے میں بنک آف پنجاب کا کردار اہم ہے، بینکوں کے لئے یہ آسان ہوتا ہے کہ وہ ڈیپازٹ سے منافع حاصل کریں لیکن پنجاب بنک نے یہ کام کیا۔ اس کے علاوہ نیا پاکستان ہاؤسنگ سکیم میں بھی اس بنک کا کلیدی کردار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پہلی بار تنخواہ دار طبقے کو اپنے گھر کی سہولت دی جا رہی ہےاس سلسلے میں قرضوں کی فراہمی کے لئے مشکلات دور کی ہیں، اب بنکوں کے لئے قرض دینے میں آسانی ہو گی، نیا پاکستان ہاوسنگ سکیم کے تحت سیالکوٹ کے محنت کشوں کیلئے کالونی بنائیں گے۔

قبل ازیں وزیراعظم عمران خان وفاقی وزیر برائے ہوا بازی غلام سرور خان، وزیر صنعت و پیداوار محمد حماد اظہر، مشیر تجارت عبدالرزاق دائود، معاون خصوصی برائے امور نوجوانان عثمان ڈار اور ممبر قومی اسمبلی عامر محمود کیانی کے ہمراہ سیالکوٹ پہنچے جہاں انہوں نے سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر ایئرسیال کا افتتاح کیا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here