پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے صنعتی ترقی کے لئے نوشہرہ اکنامک زون کے توسیعی منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا اور اس اکنامک زون میں صنعتیں لگانے کے خواہشمند سرمایہ کاروں میں پلاٹ کے الاٹمنٹ لیٹر تقسیم کئے۔
نوشہرہ اکنامک زون کا توسیعی منصوبہ 76 ایکڑ اراضی پر محیط ہے جس میں 60 سے زائد صنعتی یونٹس لگائے جائیں گے جبکہ اس منصوبے سے بالواسطہ اور بلاواسطہ ملازمتوں کے 12 ہزار سے زائد مواقع پیدا ہوں گے، توسیعی زون میں ابتدائی طور پر 1.6 ارب روپے کی سرمایہ کاری متوقع ہے۔
وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات کامران بنگش، پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ، خیبر پختونخوا اکنامک زونز ڈویلپمنٹ اینڈ منیجمنٹ کمپنی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر جاوید خٹک اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیے:
پنجاب میں 5 اکنامک زونز کے قیام کی منظوری دے دی گئی
’سندھ میں مزید تین سپیشل اکنامک زونز تعمیر کیے جائیں گے‘
خیبرپختونخوا میں صنعتی ترقی کیلئے چھ اقتصادی زونز پر کام جاری
وزیراعلیٰ محمود خان نے کہا کہ حکومت صنعتوں کو فروغ دے کر روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور صوبے کی معیشت مستحکم کرنے کے لئے نتیجہ خیز اقدامات اٹھا رہی ہے، نوشہرہ اکنامک زون کی توسیع اسی سلسلے کی ایک اہم کڑی ہے جس سے صنعتی ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ کو نوشہرہ اکنامک زون کے توسیعی منصوبے کے مختلف پہلوؤں کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ اضاخیل کے ڈرائی پورٹ اور پشاور اسلام آباد موٹروے کے نزدیک واقع ہونے کی وجہ سے یہ اکنامک زون انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
یہ اکنامک زون ادویہ سازی، فوڈ پروسسنگ، تعمیرات، ماربل، گرینائٹ اور فوڈ پیکنگ کی صنعتوں کے لئے انتہائی سازگار ماحول فراہم کرتا ہے جبکہ اس اکنامک زون میں تیار ہونے والی مصنوعات کو افغانستان ، وسطی ایشیائی ریاستوں اور چین کی مارکیٹوں تک آسانی سے پہنچایا جاسکتا ہے۔
مزید بتایا گیا کہ اس توسیعی منصوبے کے لئے رابطہ سڑک کی تعمیر اور صنعتی یونٹس کی حد بندی کا کام مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ اندرونی انفراسٹرکچر پر کام جاری ہے۔ نوشہرہ اکنامک زون میں اب تک صنعتیں لگانے کے لئے مجموعی طور پر 1365 درخواستیں موصول ہو چکی ہیں۔
یاد رہے کہ صوبائی حکومت جلوزئی اکنامک زون کا پہلے ہی سے افتتاح کر چکی ہے جس میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی حوصلہ افزا ہے۔
صوبے میں دیگر اکنامک زونز کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ سی پیک کے تحت رشکئی اسپیشل اکنامک زون کا منصوبہ بھی افتتاح کے لئے تیار ہے، یہ اکنامک زون سٹیٹ آف دی آرٹ انفراسٹرکچر اور سہولیات پر مشتمل ہو گا جو اندازتاً روزگار کے پچاس ہزار بالواسطہ اور بلاواسطہ مواقعے پیدا کرے گا۔
مزید بتایا گیا کہ 189 رقبے پر محیط ڈی آئی خان اکنامک زون کا بھی عنقریب سنگ بنیاد رکھا جائیگا جس میں 100 صنعتی یونٹس لگائے جائیں گے اور اس اکنامک زون میں ڈیڑھ ارب روپے کی سرمایہ کاری اور تیس ہزار سے زائد ملازمتوں کے مواقع متوقع ہیں۔
اسی طرح آنے والے دنوں میں چترال ، غازی اور بنوں اکنامک زونز کا بھی سنگ بنیاد رکھ دیا جائیگا۔ ان اکنامک زونز کے قیام سے صوبے کے پسماندہ علاقوں کی پسماندگی کو دور کرنے ، صوبے کی معیشت کو مستحکم کرنے اور لوگوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔
وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکا م کو ہدایت کی کہ بونیر ماربل سٹی اور مہمند ماربل سٹی کے مجوزہ منصوبوں پر عملدرآمد کے لئے کام کی رفتار کو تیز کیا جائے۔