خدمات کے شعبہ کے تجارتی خسارہ میں 38.18 فیصد کمی

721

اسلام آباد: خدمات کے شعبہ کے تجارتی خسارہ میں جاری مالی سال کے پہلے چار ماہ میں گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 38.18 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

پاکستان بیورو برائے شماریات (پی بی ایس) کے اعداد و شمار کے مطابق جولائی تا اکتوبر 2020ء کی مدت میں خدمات کے شعبہ میں تجارتی خسارہ کا حجم 785.02 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گذشتہ سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 38.18 فیصد کم ہے۔

اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کے پہلے چار ماہ میں خدمات کی برآمدات میں 11.45 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی، مختلف خدمات کی برآمدات سے ملک کو 1.625 ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا۔ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں خدمات کی برآمدات سے ملک کو 1.835 ارب ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔

اعدادوشمار کے مطابق اسی عرصہ میں خدمات کی درآمدات میں 22.38 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ گزشتہ مالی سال کے پہلے چار ماہ میں خدمات کی درآمدات کا حجم 3.10 ارب ڈالر تھا۔ جاری مالی سال میں یہ حجم 2.41 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔

واضح رہے کہ جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں ملکی برآمدات کا کل حجم 9.73 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے جو گذشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں 2.11 فیصد زیادہ ہے۔ گزشتہ مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں برآمدات کا حجم 9.53 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

اسی طرح درآمدات میں مالی سال کے پہلے پانچ ماہ میں 1.29 فیصد دیکھنے میں آیا ہے۔ جولائی سے نومبر تک درآمدات کا حجم 19.42 ارب ڈالر رہا۔ گذشتہ مالی سال کی اسی مدت میں درآمدات کا حجم 19.17 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here