کراچی: سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کے سسٹم میں آر ایل این جی شامل کرنے کے لئے بن قاسم سے 17 کلومیٹر طویل پائپ لائن بچھانے کے منصوبے پر کام شروع ہو گیا۔
پٹرولیم ڈویژن کے ذرائع کے مطابق 30 انچ قطر کی پائپ لائن بن قاسم میں ایل این جی کے کسٹڈی ٹرانسفر سٹیشن (ایس ٹی سی) سے سیلز میٹر سٹیشن پاک لینڈ تک بچھائی جائے گی اور وہاں سے ایس جی سی کے ٹرانسمیشن نیٹ ورک میں آر ایل این جی شامل کی جائے گی۔
ملک میں اس وقت دو ایل این جی ٹرمینل کام کر رہے ہیں جن کی استعداد 1200 ایم سی ایف ڈی ہے جبکہ نجی شعبہ کو بھی موجودہ حکومت نے نئے ٹرمینلز قائم کرنے کی پیش کش کی ہے اور اس سلسلہ میں مختلف کمپنیوں نے ایل این جی ٹرمینلز لگانے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
نئے ایل این جی ٹرمینلز کے قیام سے گیس کی ترسیل کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی، ملک میں گیس کی اس وقت پیداوار 70 کروڑ مکعب فٹ یومیہ ہے جبکہ طلب 6 ارب مکعب فٹ ہے لیکن ملک میں گیس کےذخائر 9.5 فیصد کی شرح سے سالانہ کم ہو رہے ہیں۔
حکومت نے ملک میں گیس کی پیداوار بڑھانے کے لئے سرمایہ کاری بڑھانے کی حکمت عملی پر کام تیز کر دیا ہے۔