ایبٹ آباد: خیبرپختونخوا میں ماسک کے بغیر گاڑیوں میں سواریاں بٹھانے پر پابندی عائد کر دی گئی۔
سیکرٹری محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا کہ پبلک ٹرانسپورٹ میں کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جائے ورنہ حکومت پبلک ٹرانسپورٹ بند کرنے پر مجبور ہو جائے گی۔
اعلامیہ میں حکام بالا نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھاری جرمانوں کے باوجود پبلک ٹرانسپورٹ میں کورونا ایس او پیز پر من و عن عمل درآمد نہیں کیا جاتا جو وائرس کے پھیلا کا سبب بن رہا ہے۔
اعلامیہ کے مطابق پانچ دسمبر 2020ء سے پہلی دفعہ کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر اڈہ سیل کیا جائے گا جبکہ دوسری خلاف ورزی پر لائسنس منسوخ کیا جائے گا۔
اسی طرح پہلی بار کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی پر گاڑی کو تحویل میں لیا جائے گا جبکہ دوسری خلاف ورزی پر روٹ پرمٹ منسوخ کیا جائے گا اور اس کے ساتھ کسی بھی مسافر کو بغیر ماسک کے پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
چیئرمین اور سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز 24 گھنٹے بسوں اور اڈوں میں کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کی مانیٹرنگ کرنے کی پابند ہوں گی اور تمام ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹیز روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ صوبائی حکومت کو ارسال کرے گی۔