ترکی اور چین کے درمیان کارگو ٹرین سروس شروع

579

انقرہ: ترکی نے ایک اور اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے پہلی ایکسپورٹ کارگو ٹرین چین کے لیے روانہ کر دی۔

ترکی کے سرکاری ذرائع کے مطابق استنبول سے روانہ ہونے والی یہ کارگو ٹرین وسطی چین کے صوبے شان ژی کے مرکز جی آن تک جائے گی۔

ترک خبر رساں ادارے ٹی آر ٹی اردو کے مطابق ریلوے سِلک رُوٹ یا  پھر  وسطی کوریڈور کے نام سے یہ  ٹرین مصنوعات کی ترسیل کیلئے ایشیاء اور یورپ کے درمیان مختصر ، محفوظ ، اقتصادی اور ماحول دوست  رابطے کا ذریعہ ہے ۔

ٹرین ترکی کے اندر 2 ہزار 323 کلومیٹر سفر کو 8 دسمبر تک مکمل کرنے کے بعد ضلع کارس  میں  باکو۔تبلیس۔کارس ریلوے لائن کے ذریعے چین کی طرف عازم سفر ہو گی اوربیرون ملک سفر میں ٹرین ترتیب کے ساتھ جارجیا، آذربائیجان ، بحیرہ کیسپئین اور قزاقستان سے ہوتی ہوئی چین کے شہر شی آن پہنچے گی۔

ایک اندازے کے مطابق مذکورہ کارگو ٹرین 8 ہزار 693 کلومیٹر کا فاصلہ 12 دن میں طے کرے گی اور اس دوران دو براعظموں، دو سمندروں اور پانچ ممالک سے گزرے گی۔

ٹرین کی لمبائی 754 میٹر  ہے اور اس کے 42 کنٹینروں میں ہوم اپلائنس مصنوعات اور ترکی کے مقامی تیارکردہ ایک ہزار 400 ائیر کنڈیشنر لدے ہوئے ہیں۔

ترکی کے ایوان تجارت کے ایک اعلی عہدیدار کا کہنا ہے کہ چین اور ترکی کے درمیان کارگو ٹرین ترک مصنوعات کی بیرون ملک ترسیل کے لیے بہت اہم ہے اور مستقبل میں اس کی اہمیت زیادہ ہو جائے گی۔

اس حوالے سے ترک وزارتِ خارجہ نے کارگو ٹرین سروس کو مشرق اور مغرب کے درمیان تعلقات میں فروغ کا ذریعہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انقرہ مغرب اور مشرق میں رابطے بڑھانے کیلئے ضروری اقدامات کرتا رہے گا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here