کورونا ویکسین خریدنے کیلئے پاکستان عالمی بنک سے 153 ملین ڈالر امداد لے گا

674

لاہور: پاکستان نے کورونا وائرس ویکسین کی خریداری کے ضمن میں عالمی بینک سے فنڈنگ حاصل کرنے کیلئے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان کورونا وائرس ویکسین کی ایڈوانس خریداری کے لیے عالمی بینک سے 153 ملین ڈالر امداد لے گا، اکنامک کوآرڈینیشن ڈویژن کی جانب سے عالمی بینک کو فنڈز کی فراہمی کی باضابطہ درخواست کی جائے گی۔

اس تناظر میں وزارتِ صحت نے اکنامک کوآرڈینیشن ڈویژن کو خط لکھا ہے کہ وہ کریڈٹ فنڈنگ ایکٹ 6590 کے تحت عالمی بینک سے کورونا ویکسین کی ایڈوانس خریداری کے لیے فنڈز دینے کی درخواست کرے۔

یہ بھی پڑھیے:

’تمام شرائط پوری، کورونا ویکسین جلد پاکستان کو مل جائے گی‘

کورونا بحران سے نکلنے کیلئے وزیراعظم عمران خان کا 10 نکاتی ایجنڈہ کیا ہے؟

ذرائع نے بتایا ہے کہ عالمی بینک کی جانب سے گرانٹ کی منظوری کے بعد پاکستان اپنے شہریوں کے لیے کورونا وائرس ویکسین کی ایڈوانس خریداری کر سکے گا۔

پاکستان کورونا وائرس ویکسین تیار کرنے والی میڈیکل کمپنیوں سے بھی براہِ راست رابطے میں ہے اور اینٹی کووڈ ویکسین کے لیے GAVI پلیٹ فارم استعمال کر رہا ہے۔

یہ بھی واضح رہے کہ اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پہلے ہی ویکسین کی ایڈوانس خریداری کے لیے سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دے دی تھی۔

کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے مذکورہ ویکسین پہلے مرحلے میں ہیلتھ ورکرز اور بزرگ شہریوں کو لگائی جائے گی۔

اس سے قبل، وزیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس کی وجہ سے ترقی پذیر ممالک کو معاشی بحران سے بچانے کے لیے عالمی برادری کے سامنے 10 نکاتی ایجنڈا پیش کیا تھا۔

اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی کے خصوصی سیشن سے خطاب کے دوران عمران خان نے کم آمدن اور غریب ممالک کے لیے وبا کے ختم ہونے تک قرضے معطل کرنے کی اپیل کی تھی۔

وزیراعظم نے کہا تھا کہ بین الاقوامی مالیاتی نظام میں اصلاحات، قرضوں کے انتظام کا جامع اور مساوی طریقہ کار مرتب کرنے، ایک جمہوری ایس ڈی جی ٹریڈنگ سسٹم کے قیام اور ٹیکس کا منصفانہ عالمی نظام قائم کرنے کی ضرورت ہے، اگر وبا کی وجہ سے ترقی پذیر ممالک کی اقتصادی تباہی کو روکنا ہے تو دنیا کو بعض ترجیحی اقدامات کی نشاندہی کرنا اور ان پر عمل درآمد کرنا ہو گا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here