حکومتی دعوؤں کے برعکس ایک ماہ میں تجارتی خسارہ 14 فیصد بڑھ گیا

722

اسلام آباد: تمام تر حکومتی دعوؤں کے برعکس نومبر 2020ء کے دوران ملکی تجارتی خسارہ 14.70 فیصد اضافے سے 2.068 ارب ڈالر سے ہو گیا جو اکتوبر میں 1.803 ارب ڈالر تھا۔

ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق اکتوبر 2020ء کے دوران ملکی درآمدات کا حجم 3.907 ارب ڈالر رہا تھا جونومبر 2020ء کے دوران 8.24 فیصد اضافے سے 4.229 ارب ڈالر تک جا پہنچیں۔

اکتوبر 2020ء میں پاکستان نے 2.104 ارب ڈالر کی مصنوعات بیرون ملک برآمد کی تھیں جبکہ نومبر 2020ء میں برآمدات کا حجم 2.71 فیصد اضافے سے 2.161 ارب ڈالر رہا۔

اعدادوشمار کے مطابق پاکستان کا تجارتی خسارہ نومبر 2020ء میں 7.88 فیصد کے اضافے سے 2.068 ارب ڈالر رہا جبکہ نومبر 2019ء میں یہ خسارہ 1.917 ارب ڈالر تھا۔

نومبر 2019ء کے 3.924 ارب ڈالر کی درآمدات کے مقابلے میں نومبر 2020ء میں 4.229 ارب ڈالر کی درآمدات ریکارڈ کی گئیں، یوں سالانہ 7.77 فیصد کی شرح سے درآمدات میں اضافہ ہوا۔

زیرِجائزہ عرصے کے دوران برآمدات میں بھی 7.67 فیصد کا اضافہ ہوا جو نومبر 2019 کی 2.007 ارب ڈالر کی برآمدات سے تجاوز کرکے نومبر 2020 میں 2.161 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئی۔

پی بی ایس کے اعدادوشمار میں مزید بتایا گیا ہے کہ پانچ ماہ (جولائی تا نومبر) کے دوران ملکی تجارتی خسارہ 0.48 فیصد بڑھا، یہ خسارہ جولائی تا نومبر 2019ء کے دوران 9.639 ارب ڈالر کے مقابلے میں جولائی تا نومبر 2020ء کے دوران 9.685 ارب ڈالر تک جا پہنچا۔

ملکی درآمدات میں رواں برس کے پانچ ماہ میں 1.29 فیصد اضافہ ہوا جو جولائی تا نومبر 2019 میں 19.175 ارب ڈالر سے بڑھ کر رواں برس کے زیرجائزہ عرصے کے دوران 19.422 ارب ڈالر تک پہنچیں۔

اسی طرح برآمدات میں بھی 2.11 فیصد کی شرح سے اضافہ ہوا اور جولائی تا نومبر 2019ء کے 9.536 ارب ڈالر کے مقابلے میں جولائی تا نومبر 2020ء کے دوران 9.737 ارب ڈالر ہ گئیں۔

تاہم پی بی ایس اور وزارتِ تجارت کے تجارتی اعدادوشمار میں تضاد دیکھا گیا ہے، وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ کے دوران برآمدات گزشتہ برس کے اسی عرصے کے دوران 9.545 ارب ڈالر سے بڑھ کر 9.732 ارب ڈالر تک جا پہنچی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ نومبر 2020ء میں برآمدات میں گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 7.2 فیصد اضافہ ہوا۔

مشیر تجارت نے کہا تھا کہ نومبر 2019ء میں 2.011 ارب ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئی تھیں جبکہ نومبر 2020 میں برآمدات کا حجم 2.156 ارب ڈالر رہا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here