ریڈیو سکول اور ای تعلیم پورٹل کا افتتاح

ٹیلی سکولنگ کیلئے نشریات روزانہ دس گھنٹے جاری رہیں گی، وزیراعظم کی نیشنل ایجوکیشن پالیسی جلد از جلد مکمل کرنے، آسلام اباد کو تعلیمی لحاظ سے ماڈل سٹی بنانے کی ہدایت

582

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ریڈیو سکول اور ای تعلیم پورٹل کا افتتاح کر دیا، ٹیلی سکولنگ کیلئے نشریات روزانہ دس گھنٹے جاری رہیں گی۔

ریڈیو سکول کا منصوبہ وزارت اطلاعات اور وزارت تعلیم کے اشتراک سے شروع کیا گیا ہے، اس سے ملک کے دور دراز علاقوں میں بھی کورونا وبا کی وجہ سے معطل ہونے والے تعلیمی سلسلہ کو بحال رکھا جا سکے گا۔

تقریب میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود، وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز، پارلیمانی سیکرٹری برائے تعلیم وجیہہ اکرم اور دیگر اعلی عہدے داران نے شرکت کی۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پوری دنیا اس وقت کورونا کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہے، تعلیمی عمل بھی متاثر ہوا ہے۔ وزارت تعلیم اور وزارتِ اطلاعات کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ انہوں نے تعلیم کے سلسلے کو جاری رکھنے کے لیے خاطر خواہ اقدامات اٹھائے ہیں جن سے تعلیمی عمل پر وبا کی وجہ سے پڑنے والے منفی اثرات میں کمی واقع ہو گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ اس عمل میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال خوش آئند ہے، اس سے دور دراز علاقوں میں معیاری تعلیم پہنچانے میں مدد ملے گی۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ اب ہمیں خصوصی طور پر دور دراز علاقوں میں اساتذہ کی تربیت پر توجہ دینا ہو گی جس سے ان علاقوں کے تعلیمی معیار میں بہتری آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ یکساں نصاب وزارت تعلیم کی ایک بہت بڑی کامیابی اور انقلابی قدم ہے، اس سے نچلے طبقوں کو بھی تعلیم اور آگے بڑھنے کے یکساں مواقع میسر آئیں گے۔ وزیراعظم نے نیشنل ایجوکیشن پالیسی کو بھی جلد سے جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

عمران خان کے بقول انہوں نے گورنمنٹ کالج کے پہلے پرنسپل کی کتاب پڑھی ہے جس میں مصنف نے لکھا ہے کہ 1857ء کے بعد کیسے انگریزوں نے مسلمانوں کا تعلیمی نظام تباہ کیا، اُس وقت دینی مدارس میں ہندو اور سکھ بھی بچے بھی پڑھتے تھے کیوںکہ وہاں جدید علوم پڑھائے جاتے تھے تاہم بعد ازاں دینی مدارس کو آئیسولیٹ کر دیا گیا۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ وفاقی دارالحکومت کو تعلیم کے حوالے سے ماڈل بنایا جائے، موجودہ تعلیمی نظام نچلے طبقے کو اوپر آنے سے سے روکتا ہے جبکہ ان کی صلاحیتوں کو محدود کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیلی سکولنگ کے اقدام سے طلباء کے لئے دس گھنٹے کی نشریات جاری رہیں گی۔

بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ ای تعلیم پورٹل کی ترویج کے لئے آگاہی مہم میں فیس بک  وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت کے ساتھ اشتراک کر رہا ہے، اس مہم کا مقصد عوام الناس کو ای تعلیم پورٹل اور اس پر موجود تعلیمی مواد سے آگاہ کرنا ہے تا کہ طلباء اور والدین ان سے ہر ممکن فائدہ اٹھا سکیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here