اسلام آباد: حکومت نے ’سٹیزن پورٹل‘ کی دو سالہ کارکردگی رپورٹ جاری کر دی، پورٹل پر دو سالوں میں رجسٹرڈ افراد کی تعداد 30 لاکھ سے تجاوز کر گئی، اس دوران پورٹل پر 27 لاکھ سے زیادہ شکایات موصول ہوئیں جبکہ 25 لاکھ سے زائد شکایات کا ازالہ کیا گیا۔
پورٹل کے ذریعے موصول ہونے والی شکایات کے حل پر نادرا کی کارکردگی سب سے اطمینان بخش رہی، تارکین وطن پاکستانیوں کی جانب سے ایک لاکھ 36 ہزار سے زائد موصول ہونے والی شکایات میں سے ایک لاکھ 28 ہزار نمٹا دی گئیں۔
یہ بھی پڑھیے:
نیشنل جاب پورٹل کے قیام کی منظوری
مخیر حضرات کو مستحقین تک رسائی کیلئے ”احساس راشن پورٹل“ کا اجراء
احساس راشن پورٹل، لنگر اور پناہ گاہ ایپس، کورونا ریلیف فنڈ ویب سائٹ کا آغاز
سرمایہ کاری بورڈ نے سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے تین آن لائن پورٹلز کا اجراء کر دیا
ای گورننس، نیشنل آئی ٹی بورڈ تاحال 12 وزارتوں کو ہی آن لائن پورٹل فراہم کر سکا
ای پورٹل کے ذریعے پالیسی سازوں کو تھنک ٹینکس، اکیڈیمیا کیساتھ منسلک کرنے کا فیصلہ
جمعہ کو وزیراعظم سیکرٹریٹ میں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت منعقدہ تقریب میں سٹیزن پورٹل کی دو سالہ کارکردگی کا اعلان کیا گیا، پرائم منسٹر ڈلیوری یونٹ (پی ایم ڈی یو) کے انچارج عادل صافی نے کارکردگی رپورٹ سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ دو سالوں کے دوران 27 لاکھ 60 ہزار موصول ہونے والی شکایات میں سے 13 لاکھ 41 ہزار وفاقی حکومت، 9 لاکھ 45 ہزار سے زائد پنجاب، 2 لاکھ 62 ہزار خیبرپختونخوا، ایک لاکھ 67 ہزار سندھ، 22 ہزار 700 اسلام آباد، 19 ہزار 600 بلوچستان، 3421 گلگت بلتستان جبکہ 619 شکایات آزاد جموں و کشمیر حکومت کے خلاف موصول ہوئیں۔
وفاق میں سب سے زیادہ شکایات بجلی اور توانائی سے متعلقہ تھیں جن کی تعداد 4 لاکھ 97 ہزار سے زائد تھی، پنجاب میں سب سے زیادہ میونسپل سروسز سے متعلقہ شکایات رہیں، باقی صوبوں میں بھی میونسپل سروسز سے متعلقہ شکایات کا تناسب زیادہ رہا۔
سب سے زیادہ شکایات نمٹانے کی شرح وفاق اور خیبرپختونخوا میں 95 فیصد رہی ، پنجاب میں 94، سندھ 86، اسلام آباد 78، بلوچستان 89، گلگت بلتستان 84، آزاد جموں و کشمیر 85 فیصد رہی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پورٹل پر 11 لاکھ غیرملکی بھی رجسٹرڈ ہیں، دور دراز علاقوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے لئے ہیلپ لائن بھی قائم کی گئی ہے جہاں سے وہ پورٹل کے بارے میں معلومات لے سکتے ہیں۔