’تمام شرائط پوری، کورونا ویکسین جلد پاکستان کو مل جائے گی‘

131

اسلام آباد: پاکستان نے کورونا وائرس کی پہلی لہر پر کامیابی سے قابو پا کر کووڈ۔19 کی ویکسین سے استفادہ کرنے کی شرائط پوری کر لی ہیں جس کی بدولت جلد از جلد یہ ویکسین دستیاب ہو گی۔

وزارت قومی صحت کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستان نے ویکسین حاصل کرنے کی درخواست سے متعلق تمام شرائط مکمل کر لی ہیں جو کووڈ۔19 کی ویکسین کی تیاری کے لئے تمام ممالک کے اتحاد کے ذریعے دی جائے گی۔ گائوی نے 17 نومبر 2020ء کو درخواست کا نمونہ جاری کرتے ہوئے درخواستوں کی وصولی کی آخری تاریخ 7 دسمبر مقرر کر رکھی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: 

کورونا ویکسین کے استعمال کی منظوری دینے والا پہلا ملک

یونیسیف کا دو ارب کورونا ویکسینز ترقی پذیر ممالک کو مہیا کرنے کا منصوبہ

’ویکسین کے باوجود کووڈ-19 کی معاشی تباہ کاریاں جاری رہنے کا خدشہ‘

ابوظہبی، کوورونا ویکسین کی 7 کروڑ خوراکیں ذخیرہ اور تقسیم کرنے کا اعلان

وزارت قومی صحت کی رہنمائی میں حفاظتی ٹیکہ جات کے توسیعی پروگرام کے تحت ایک ٹیکنیکل ورکنگ گروپ تشکیل دے رکھا تھا جس نے 24 گھنٹے کام کرکے مشاورتی عمل مکمل کیا اور تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا۔

مجوزہ تشکیل دیئے گئے مسودہ کی توثیق نیشنل ٹیکنیکل ایڈوائزری گروپ برائے امیونائزیشن نے یکم دسمبر کو کی اور نیشنل انٹر ایجنسی کوآرڈی نیشن کمیٹی کے آج (جمعہ) کے اجلاس میں منظوری دے دی گئی ہے۔

اس اجلاس کی صدارت معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کر رہے تھے، ڈاکٹر فیصل سلطان نے کووڈ۔19 کے اثرات کو زائل کرنے کے لئے حکومتی اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ تمام صلاحیتوں اور دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ معاشرے کے پسماندہ طبقات کے لئے جلد از جلد محفوظ اور موثر دستیابی کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور حکومت اس سے استفادہ کرنے کی منتظر ہے۔ کووڈ۔19 کا سامنا کرنے والے صف اول کے ہیلتھ ورکرز کا تحفظ ترجیح ہے جو بزرگ افراد کی دیکھ بھال کے اس چیلنج سے نمٹنے کے لئے ہماری طاقت بنیں گے جبکہ بزرگ افراد کواس اقدام سے کورونا سے جڑی اموات اورپھیلائو کی روک تھام میں مدد ملے گی۔

ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ ڈاکٹر صفی ملک نے پیشہ وارانہ حقائق کو مد نظر رکھتے ہوئے متفقہ تجاویز کی تیاری پر ای پی آئی کی ٹیم کو مبارکباد پیش کی ہے۔ شراکتی اداروں نے حکومت کی جانب سے وبا کے تباہ کن اثرات کو کم کرنے کے لئے اختیار کی گئی موثر حکمت عملی کو سراہا۔  پولیو کے خاتمہ کے پروگرام کے کوآرڈی نیٹر ڈاکٹر رانا صفدر نے کہا کہ کورونا وائرس ویکسین کی سہولت سے دنیا کے مختلف ممالک کو اس وبا سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔ پاکستان ان اولین ممالک میں شامل ہو گا جو اس سے استفادہ کریں گے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here