اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کو بجلی کے نرخوں میں رعایت دینے کے وعدے کے تحت نیپرا نے صنعتی ٹیرف میں 4.96 روپے فی یونٹ کمی کا فیصلہ کیا ہے۔
نیپرا کے مطابق چھوٹی صنعتوں کے لیے کمرشل بجلی کی قیمت 12.96 روپے سے کم کرکے آٹھ روپے فی یونٹ کر دی گئی ہے، بجلی کی قیمتوں میں کمی کا اطلاق یکم نومبر 2020 سے ہو گا۔
کراچی کے علاوہ ملک بھر میں نئے ٹیرف کا اطلاق ہوگا جس کی مدت کا دورانیہ آٹھ ماہ ہے، چھوٹی صنعتیں 30 جون 2021 تک 8 روپے فی یونٹ کے حساب سے بجلی کے بل ادا کریں گی۔
یہ بھی پڑھیے:
نیپرا نے بجلی کی قیمت میں اضافہ کر دیا
کراچی میں لوڈ شیڈنگ کے ذمہ دار ہم نہیں وفاقی حکومت ہے، کے الیکٹرک کا نیپرا کو جواب
پاور سیکٹر میں ذرائع نے بتایا کہ وفاقی حکومت میں نیپرا نے اپنا فیصلہ بھیج رکھا ہے جس کے بعد الیکٹرک پاور ایکٹ 1997 کے ریگولیشن آف جنریشن، ٹرانسمیشن اور ڈسٹریبیوشن کے سیکشن 31 (7) کے تحت نوٹی فکیشن جاری کیا جائے گا۔
ذرائع نے کہا کہ”نیپرا نے حکومت کے صنعتوں کے لیے بجلی کی قیمتیں کم کرنے کے فیصلہ کا نوٹی فکیشن جاری کیا ہے۔ حکومت صنعتوں کو بجلی کی قیمتوں میں رعایت دینے کے لیے 14 ارب روپے کی سبسڈی دے گی”۔
تاہم، بڑی صنعتوں کے لیے بجلی کی قیمتیں 12.96 روپے فی یونٹ پر ہی برقرار رہیں گی۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ نئے ٹیرف پر فیول کی قیمتوں میں ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق ہو گا جبکہ سہ ماہی کی ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق نہیں ہو گا۔
یہاں یہ بتانا بھی ضروری ہے کہ اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے یکم نومبر 2020 سے اضافی بجلی کے استعمال پر چھوٹی صنعتوں کو 50 فیصد رعایت دینے کا اعلان کیا تھا۔