لاہور: کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پاکستان سٹیل ملز (پی ایس ایم) کو گیس فراہمی کے لیے سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کو 410 ملین روپے گرانٹ جاری کرنے کی منظوری دے دی۔
مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیرِصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں 10 نکاتی ایجنڈے پر بات چیت کی گئی جس میں پاکستان سٹیل ملز کو گیس کی سپلائی دینے کی منظوری کا اصولی فیصلہ بھی کیا گیا۔
اجلاس میں اسد عمر، حماد اظہر، محمد میاں سومرو، عبدالرزاق داؤد، عمر ایوب خان، علی زیدی، ندیم بابر، ڈاکٹر وقار مسعود اور ڈاکٹر عشرت حسین نے شرکت کی جبکہ گورنر سٹیٹ بینک رضا باقر نے ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے۔
اس سے قبل اجلاس میں وزارتِ صنعت نے ای سی سی کو تجویز دی تھی کہ پاکستان سٹیل ملز کی نجکاری ہونے تک گرانٹ ملتوی کر دی جائے اور مجموعی طور پر تکنیکی سپلیمنٹری گرانٹ کی شکل میں 984 ملین روپے جاری کیے جائیں تاہم ای سی سی نے وزارتِ خزانہ کو ہدایت کی کہ سوئی سدرن کے واجبات کی ادائیگی کے لیے جلد از جلد 410 ملین روپے جاری کر دئیے جائیں۔
یہ بھی مدِنظر رہے کہ سوئی سدرن نے پاکستان سٹیل ملز کو خبردار کیا تھا کہ گیس بل کی عدم ادائیگی یا مزید تاخیر کی صورت میں اس کا گیس کنکشن منقطع کر دیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان سٹیل ملز کو دو ملین کیوبک فٹ فی دن کے حساب سے گیس فراہم کی جا رہی ہے تاکہ کوک اوون بیٹریز اور بھٹیوں کو چلایا جا سکے، حالانکہ سٹیل مل میں پیداواری عمل 2015ء سے بند ہے اس کے باوجود اوسط ماہانہ بل آٹھ کروڑ 20 لاکھ روپے آ رہا ہے۔