حکومت گوجرانوالا میں ایکسپو سینٹر، خصوصی اقتصادی زون قائم کرے گی

506

لاہور: پنجاب حکومت گوجرانوالہ میں خصوصی اقتصادی زون اور ایکسپو سینٹر قائم کرے گی۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال کی زیرصدارت اجلاس میں گوجرانوالہ کی انڈسٹریل اسٹیٹ کے ساتھ ساتھ شہر کے صنعتکاروں کے مسائل اور ترقیاتی مسائل پر بات چیت کی گئی۔ صدر گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (جی سی سی آئی)عمر اشرف، سابق صدور چیمبر ظہور ملک اور اخلاق بٹ، پنجاب (صنعت و تجارت) ایڈیشنل سیکرٹری بھی اس موقع پر موجود تھے۔

صوبائی وزیر اسلم اقبال نے متعلقہ حکام کو انڈسٹریل اسٹیٹ کے تمام تر قانونی مسائل کو ایک ہفتے کے اندر حل کرنے کے لیے لائحہ عمل تشکیل دینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح انڈسٹریل اسٹیٹ کی 100 فیصد آبادکاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ انڈسٹریل اسٹیٹ لاہور سیالکوٹ موٹروے اور لاہور ملتان موٹروے کے ساتھ مناسب مقامات پر قائم کی جائیں گی، وہ آئندہ ہفتے گوجرانوالہ کے دورہ کے دوران صنعتوں کو پیکیج دینے کا اعلان کریں گے۔

صدر جی سی سی آئی نے اس موقع پر کورونا وائرس کے دوران صنعتکاروں کو ریلیف فراہم کرنے پرشکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ گجرانوالہ کی صنعتوں کے متعلق تمام مسائل جلد حل کر لیے جائیں گے۔

ایک دوسری جگہ چئیرمین پاکستان کوٹنگ ایسوسی ایشن کے وفد نے میاں اسلم اقبال سے ملاقات کی۔ وفد نے صوبائی وزیر کو کوٹنگ انڈسٹری کو درپیش مسائل کے بارے میں آگاہ کرتے ہوئے سیلز ٹیکس ریفنڈ کے مسائل کو جلد حل کرنے کا مطالبہ کیا۔

اسلم اقبال نے کہا کہ صنعتکاروں کو پیش آنے والے مسائل کے حل اور انہیں سہولیات فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، وہ سیلز ٹیکس ریفنڈ کے مسائل جلد حل کرنے کے لیے وفاقی بورڈ برائے ریونیو (ایف بی آر) سے رابطہ کریں گے۔

صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے کہا کہ “پنجاب حکومت کوٹنگ انڈسٹری کی ممکنہ برآمدات سے آگاہ ہے اور جلد اس انڈسٹری کے فروغ کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کرے گی، انڈسٹری میں غیرہنرمند افراد کو اسٹیک ہولڈرز کے تعاون سے تربیت دی جائے گی”۔

اس کے علاوہ ایشین پریشیس منرلز لمیٹڈ کے وفد نے بھی صوبائی وزیر سے ملاقات کی۔ ملاقات کےدوران کمپنی کے اعلیٰ عہدیداروں نے چکوال میں سیمنٹ پلانٹ قائم کرنے سے متعلق مسائل بارے بات چیت کی، جس پر صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاروں کو تمام ممکنہ سہولیات دے رہی ہے اور سیمنٹ پلانٹ قائم کرنے کے لیے حکومت جلد اقدامات کرے گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here