کراچی: خاقان مرتضیٰ نے ڈائریکٹرجنرل سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے عہدے کی ذمہ داری سنبھال لی۔
سی اے اے کے ڈائریکٹر جنرل کا عہدہ مارچ 2018 سے خالی تھا، تاہم سی اے اے نے اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل کی تقرری کا اعلان کر دیا گیا ہے، خاقان مرتضیٰ اس سے قبل یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن (یو ایس سی) کے مینجنگ ڈائریکٹر کے طور پر بھی خدمات سرانجام دے چکے ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل سی اے اے کی تقرری کے نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ خاقان مرتضیٰ آئندہ نوٹس تک اپنے عہدے پر فائز رہیں گے۔
اس دوران، پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ائیرمارشل ارشد ملک نے سی اے اے کے ڈائریکٹر جنرل تعینات ہونے پر خاقان مرتضیٰ کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے فرائض کی انجام دہی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
خاقان مرتضیٰ 21ویں گریڈ کے افسر ہیں جو اس سے قبل گورنر سندھ کے پرنسپل سیکرٹری کے طور پر کام کر رہے تھے۔
گزشتہ ہفتے اٹارنی جنرل نے اسلام آباد ہائی کورٹ کو یقین دلایا تھا کہ حکومت تین روز کے اندر محکمے کا ڈائریکٹر جنرل تعینات کر دیں گے۔ اسی روز، اسلام آباد ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا تھا کہ ایوی ایشن سیکرٹری کو ڈی جی سی اے اے کا اضافی چارج دینا ‘غیرقانونی’ تھا۔