اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے کہا کہ ڈائریکٹریٹ انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن آئی آر فیصل آباد نے کئی مقامات پر چھاپوں کے دوران مختلف برانڈز کے بغیر ڈیوٹی سگریٹ کے 300 کارٹن (تیس لاکھ سگریٹ) برآمد کر لئے ہیں۔
انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن (اِن لینڈ ریونیو) فیصل آباد کے ٹوبیکو سکواڈ نے ڈپٹی ڈائریکٹر عمران ظفر کی نگرانی میں سیلز ٹیکس ایکٹ 1990 کے سیکشن 38 کے تحت اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے ایک رجسٹرڈ شخص کے گودام واقع لاری اڈہ تاندلیا نوالہ کا دورہ کیا جہاں سے 150 کارٹن جعلی بغیر ڈیوٹی سگریٹ برآمد کر لئے گئے۔
مالک سے جب سیلز ٹیکس انوائس اور دیگر دستاویزات کا تقاضا کیا گیا تو وہ ان میں سے کوئی بھی دستاویز پیش کرنے میں ناکام رہا اور اس بناء پر بغیر ڈیوٹی سگریٹ کے 150 کارٹن تحویل میں لے لئے گئے۔
ایک اور کارروائی کے دوران انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن (اِن لینڈ ریونیو) فیصل آباد کے ٹوبیکو سکواڈ نے اطلاع پر ڈپٹی والا انٹرچینج ایم تھری موٹروے فیصل آباد پر چھاپہ مارا اور انٹرچینج سے تقریباً نصف کلومیٹر کے فاصلے پر بنائے گئے ایک عارضی شیڈ سے 150 کارٹن بغیر ڈیوٹی سگریٹ برآمد کر لئے۔
موقع پر دو افراد موجود تھے جو سیلز ٹیکس انوائس یا بل ٹی وغیرہ جیسی کوئی بھی دستاویز پیش کرنے میں ناکام رہے جس پر یہ سگریٹ تحویل میں لے لئے گئے۔ چوری شدہ ٹیکسز اور ڈیوٹیز کی مالیت کئی لاکھ روپے بنتی ہے۔
ڈائریکٹر ڈائریکٹوریٹ آف انٹیلی جنس اینڈ انوسٹی گیشن (ان لینڈ ریونیو) فیصل آباد کی جانب سے یہ کارروائیاں بغیر ڈیوٹی/ جعلی سگریٹ کی غیرقانونی تجارت کی روک تھام کے سلسلے میں چلائی گئی مہم کے تحت کی جا رہی ہیں۔