اسلام آباد: وفاقی کابینہ نے ہوا بازی ڈویژن کو ائیر سیال پرائیوٹ لمیٹڈ کے ریگولر پبلک ٹرانسپورٹ لائسنس کی تجدید کی اجازت دے دی۔
گزشتہ روز وفاقی کابینہ کا اجلاس وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہوا۔ کابینہ نے نجی ایئر لائن ایئر سیال کے لائسنس کی باضابطہ منظوری دے دی ہے جس کے بعد اندرون ملک پروازوں کا آغاز رواں ماہ کے وسط میں کر دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیے:
کیا پی آئی اے کی جگہ عسکری ائیرلائن آ رہی ہے؟
پاکستان کی نئی فضائی کمپنی ائیرسیال دسمبر میں اڑان بھرنے کو تیار
سیالکوٹ: کھیلوں کا سامان بنانے والا شہر اب ایوی ایشن کا مرکز بن رہا ہے، کامیابی کی رفتار ناقابل یقین
ائیرسیال ابتدائی آپریشنز کا آغاز ائیربس کی A320-200s سیریز کے تین طیاروں سے کرے گی، جو ائیر کیپ (AerCap) سے لیز پر حاصل کیے گئے ہیں، یہ ہوائی جہاز لیز پر دینے والی دنیا کی بڑی کمپنی ہے جس کا ہیڈکوارٹرز ڈبلن آئیرلینڈ میں ہے۔ ابتدائی طور پر اسلام آباد، کراچی، لاہور، سیالکوٹ اور پشاور کے درمیان آپریشنز کا آغاز کیا جائے گا۔
ایئر سیال کے ڈائریکٹر آپریشنز سہیل سرور کے مطابق فضائی آپریشن کا آغاز دسمبر کے تیسرے ہفتے میں متوقع ہے جس کا جلد باقاعدہ اعلان کیا جائے گا جس کے بعد ٹکٹس کی فروخت کا آغاز ہو گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ جلد ایئر سیال بیرون ملک فضائی آپریشن کا آغاز بھی کر دے گی۔
اس سے قبل ائیرلائن نے جون 2020ء میں اپنے فضائی آپریشنز کا آغاز کرنا تھا لیکن کورونا وائرس کے باعث فضائی سفری پابندیوں کی وجہ سے پروازیں اڑانے کا فیصلہ معطل کر دیا تھا۔
نجی فضائی کمپنی ائیر سیال کی بنیاد سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے کامیاب منصوبے کے بعد سیالکوٹ چیمبر آف کامرس کے ممبران نے 2015ء میں رکھی تھی اور اس میں چار سو زیادہ شئیر ہولڈر ہیں۔