‘نومبر میں پاکستان نے برآمدات سے 2.15 ارب ڈالر زرمبادلہ کمایا’

673

اسلام آباد: رواں مالی کے دوران نومبر میں ملکی برآمدات گزشتہ برس کے اسی عرصے کے مقابلے میں 7.2 فیصد اضافے سے دو ارب ڈالر سے تجاوز کر گئیں۔

وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر برآمدات کے اعدادوشمار کے حوالے سے بتایا کہ نومبر 2020ء کے دوران قومی برآمدات 7.2 فیصد اضافے سے 2.156 ارب ڈالر ریکارڈ کی گئیں جبکہ نومبر 2019ء کے دوران برآمدات کا حجم 2.011 ارب ڈالر تھا۔

مشیر تجارت نے کہا کہ ابھی تک برآمدات کے حوالے سے صوبائی اعدادوشمار ہی وصول ہوئے ہیں، دنیا بھر میں کووڈ-19 اور معاشی مشکلات کے باوجود برآمدات میں اضافہ کرنے پر پاکستان کے برآمدکندگان مبارک باد کے مستحق ہیں۔

یہ بھی پڑھیے:

’حکومت سہولیات دے تو فروزن فوڈ کی برآمدات ایک ارب ڈالر تک لے جا سکتے ہیں‘

ستمبر میں ملکی برآمدات گزشتہ برس کی نسبت چھ فیصد بڑھ گئیں

اکتوبر میں بھی پاکستان ٹیکسٹائل برآمدات میں بھارت، بنگلہ دیش سے آگے رہا

ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کی جانب سے ابھی تک گزشتہ ماہ کی برآمدات کے حوالے سے اعدادوشمار جاری نہیں کیے گئے تاہم وزارتِ تجارت کی جانب سے صوبائی اعدادوشمار کا تبادلہ کیا گیا ہے جس کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے پانچ ماہ (جولائی تا نومبر) کے دوران 9.732 ارب ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئی ہیں جبکہ گزشتہ مالی سال کے (جولائی تا نومبر) کے دوران 9.545 ارب ڈالر کی برآمدات ریکارڈ کی گئی تھیں۔

یہ مدِنظر رہے کہ کورونا وائرس کی حالیہ دوسری لہر سے پیدا ہونے والی غیریقینی صورت حال اور عالمی منڈیوں میں مندی کے باوجود اکتوبر 2020 میں بھی دو ارب ڈالر سے زائد کی برآمدات رجسٹرڈ کی گئیں۔

وزارتِ تجارت کے مطابق برآمدات میں جولائی 2020 کے بعد سے مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے اور کورونا وائرس سے پہلے کی صورتحال پر برآمدات واپس آگئی ہیں۔

عبدالرزاق دائود نے کہا ہے کہ نومبر 2020ء میں برآمدات گزشتہ 10 سالوں میں کسی ایک ماہ کے دوران سب سے زیادہ رہی ہیں، اس سے پاکسان کی برآمدات کے بڑھتے ہوئے رجحان کی نشاندہی ہوتی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ برآمد کنندگان کی کاوشوں سے یہ رجحان برقرار رہے گا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here