ابوظہبی: ابوظہبی پورٹس نے کورونا وائرس کی ویکسین کی سات کروڑ خوراکیں ذخیرہ اور تقسیم کرنے کا اعلان کر دیا۔
اس حوالے سے ابوظہبی پورٹس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ کووِڈ-19 کے خلاف جنگ میں وہ اہم کردار اد ا کر رہی ہے، اس کا خلیفہ انڈسٹریل زون ابوظہبی (کزاڈ) میں 19 ہزار مربع میٹر پر مشتمل گودام ہے جہاں کنٹرول درجہ حرارت کے تحت ادویات کو رکھا جا سکتا ہے۔ اس میں پہلے ہی ویکسین کی 10 لاکھ سے زیادہ خوراکیں موجود ہیں۔
بیان میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ گودام میں دو سے آٹھ ڈگری درجہ حرارت تک ادویہ کو رکھنے کی صلاحیت موجود ہے، اس کے علاوہ 80 ڈگری کے انتہائی درجہ حرارت تک ادویہ کو رکھنے کی صلاحیت بھی ہے، اسے ایک کنٹرول ڈیش بورڈ کے ذریعے ڈیجیٹل طور پر مانیٹر بھی کیا جا سکتا ہے۔
ابوظہبی پورٹس کے چیف ایگزیکٹو آفیسر(سی ای او) کیپٹن جمعہ الشمسی نے کہا ہے کہ ابوظہبی پورٹس اس انتہائی حساس پراڈکٹ کو ذخیرہ اور تقسیم کرنے کے عمل اور فراہمی میں قائدانہ کردار ادا کر سکتا ہے۔
ابوظہبی حکومت نے گزشتہ ہفتے یہ اعلان کیا تھا کہ کورونا وائرس کی ویکسین لگوانے والے مسافروں کو بیرون ملک سے امارت میں لوٹنے کی صورت میں قرنطینہ کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔