سٹیل ملز کے برطرف ملازمین کو 23 لاکھ فی کس دینے کا اعلان

پاکستان سٹیل ملز کے ملازمین کا برطرفیوں کے خلاف نیشنل ہائی وے  کراچی پر احتجاج، دھرنا دے کر بیٹھ گئے

589

اسلام آباد: وفاقی وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر نے کہا ہے کہ پاکستان سٹیل ملز (پی ایس ایم) کے جن ملازمین کو فارغ کیا گیا ہے انہیں فی ملازم اوسطاََ 23 لاکھ روپے دیں گے۔

ہفتے کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے حماد اظہر نے کہا کہ سرکاری اداروں کے نقصانات دفاعی بجٹ سے زیادہ ہیں، ‏دو ہزار ارب سے زیادہ خسارہ ہے، ‏ہمیں معلوم ہے اس معاملے پر سیاست ہو گی اور وہ لوگ سیاست کر رہے ہیں جنہوں نے ادارے کو ڈبویا، ماضی میں بروقت فیصلے کیے ہوتے تو صورت حال بہتر ہوتی۔

یہ بھی پڑھیے: 

پاکستان سٹیل ملز کے ساڑھے چار ہزار ملازمین نوکریوں سے برطرف

پاکستان سٹیل ملز کے ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات ادا کرنے کیلئے 24 ارب جاری

پاکستان سٹیل ملز ملازمین کی تعداد کم کرنے کیلئے 19 ارب کی ضمنی گرانٹ منظور

وفاقی وزیر نے کہا کہ ‏ سٹیل ملز کے کل ساڑھے نو ہزار میں سے 670 ملازمین موجود ہیں، پہلے مرحلے میں چار ہزار ملازمین نکالے گئے ہیں، ‏برطرف ملازمین کو فی ملازم اوسط 23 لاکھ روپے دیں گے،‏ پنشنرز کے واجبات کلیئر کر دیئے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے سٹیل ملز کی بہتری کے لیے اقدامات کیے ہیں، نجکاری کا عمل شفاف طریقے سے مکمل کریں گے، ملز کی ملکیت 19 ہزار ایکڑ اراضی میں سے 13 سو ایکڑ لیز پر دی جائے گی، اس سے پہلے سٹیل ملز کو 92 ارب روپے کا بیل آؤٹ پیکج دیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں سرکاری اداروں میں سیاسی بھرتیاں کی گئیں، ‏‏پیپلز پارٹی دور میں پاکستان سٹیل ملز خسارے میں تھی، مسلم لیگ ن کے دور میں سٹیل ملز بند ہو گئی اور گزشتہ پانچ سالوں سے بند پڑی ہے۔

دوسری جانب ہفتہ کو پاکستان سٹیل ملز کے ملازمین نے برطرفیوں کے خلاف نیشنل ہائی وے کراچی پر احتجا ج کیا جس کے باعث  نیشنل ہائی وے پر ٹریفک معطل معطل ہوگئی، ملازمین نے سٹیل ٹاؤن چوک پر ٹائر جلا کر احتجاجی مظاہرہ کیا اور نیشنل ہائی وے پر دھرنا دے کر بیٹھ گئے۔

گزشتہ روز (27 نومبر) وفاقی حکومت نے پاکستان سٹیل ملز کے چار ہزار 544 ملازمین کو فارغ کرنے کا اعلان کیا تھا، ترجمان پاکستان سٹیل ملز کے مطابق فارغ کیے گئے ملازمین میں پے گروپ 2، 3، 4 کے ملازمین کے علاوہ جونیئر آفیسرز (جے اوز) اسسٹنٹ منیجرز، ڈویژنل منیجرز، ڈی سی ای، ڈی جی ایم اور منیجرز شامل تھے جنہیں بذریعہ ڈاک برطرفی کے خطوط ارسال کیے گئے، سٹیل ملز کے سکول و کالج کے سٹاف اور مختلف شعبہ جات کے کارپوریٹ سیکرٹریز کو نہیں ہٹایا گیا۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here