کولمبو: سری لنکا حکومت نے کہا ہے کہ ملک میں پلاسٹک کچرے کو ری سائیکل کر کے ملک کی شاہراہوں کے لئے خام مال کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔
چینی خبر رساں ادارے کے مطابق وزیر تجارت بینڈولا گنوردینا نے سری لنکا کے کولمبو ضلع کے مضافاتی علاقہ ہوماگاما میں پہلے منصوبے کا افتتاح کیا ہے جس کے تحت ناقابل استعمال پلاسٹک کو ری سائیکل کیا جائے گا۔
انہوں نے مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نجی کمپنی اور مغربی صوبہ کی ویسٹ مینجمنٹ اتھارٹی کے مابین ایک معاہدہ طے پایا ہے، کمپنی پلاسٹک کچرے سے ٹیکنالوجی کے ذریعے خام مال تیار کرے گی جسے شاہراہوں کی تعمیر کیلئے استعمال کیا جائے گا۔
سری لنکن وزیر تجارت نے کہا کہ سری لنکا میں روزانہ سات ہزار میٹرک ٹن ٹھوس فضلہ پیدا ہوتا ہے جس کا 60 فیصد ملک کے مغربی صوبے میں پیدا ہوتا ہے، حکومت نے پلاسٹک کی ری سائیکلنگ کو لازمی بنانے اور سنگل استعمال پلاسٹک پر پابندی عائد کرنے کے منصوبوں کا اعلان بھی کیا ہے۔