اسلام آباد: جاری مالی سال کے دوران سیمنٹ کی برآمدات 59.45 فیصد بڑھ گئیں۔
ادارہ برائے شماریات پاکستان (پی بی ایس) کے اعدادوشمار کے مطابق رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ میں جولائی تا اکتوبر 2020ء کے دوران سیمنٹ کی برآمدات کا حجم 150.544 ملین ڈالر تک بڑھ گیا جبکہ گزشتہ مالی سال میں جولائی تا اکتوبر 2019ء میں سیمنٹ کی برآمدات سے 94.409 ملین ڈالر زرمبادلہ کمایا گیا تھا۔
یہ بھی پڑھیے:
مسابقتی کمیشن کا دفاتر پر چھاپہ، سیمنٹ ایسوسی ایشن کا ردعمل سامنے آ گیا
سیمنٹ ایسوسی ایشن کے کراچی دفاتر پر مسابقتی کمیشن کا چھاپہ، ریکارڈ قبضے میں لے لیا
اس طرح گزشتہ مالی سال کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے ابتدائی چار ماہ کے دوران سیمنٹ کی قومی برآمدات میں 56.135 ملین ڈالر یعنی 59.45 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
پی بی ایس کے مطابق گزشتہ مالی سال 2019ء کے مقابلہ میں رواں مالی سال میں سیمنٹ کی برآمدات بالحاظ وزن 32.51 فیصد اضافہ سے 24 لاکھ 37 ہزار 565 میٹرک ٹن کے مقابلہ میں 32 لاکھ 30 ہزار 58 میٹرک ٹن تک بڑھ گئیں۔
رپورٹ کے مطابق اکتوبر 2020ء میں برآمدات کا حجم 20.31 فیصد اضافہ سے 33.249 ملین ڈالر تک بڑھ گیا جبکہ اکتوبر 2019ء کے دوران سیمنٹ کی برآمدات کا حجم 27.636 ملین ڈالررہا تھا۔
اسی طرح ستمبر 2020ء کے مقابلہ میں بھی اکتوبر2020ء کے دوران سیمنٹ کی برآمدات 19.65 فیصد بڑھی ہیں ۔ ستمبر 2020ء کے دوران 27.788 ملین ڈالر کی برآمدات کی گئی تھیں۔