اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے کہا ہے کہ حکومت کی سمارٹ لاک ڈائون کی پالیسی کی وجہ سے پاکستان کی معیشت بحالی کی راہ پر گامزن ہو گئی ہے۔
جمعرات کو پاکستان میں برطانیہ کے ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسٹین ٹرنر نے مشیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی۔
مشیر خزانہ نے برطانیہ کے ہائی کمشنر کو کورونا وائرس کے مضر معاشی اثرات کو کم کرنے اور معاشرے کے غریب اور کمزور طبقات کے تحفظ کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔
انہوں نے برطانوی ہائی کمشنر کو پاکستان کے اقتصادی پس و پیش منظرکے بارے میں بھی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت کے اقدامات کی وجہ سے ترسیلات زر میں خاطر خواہ اضافہ ہو رہا ہے، براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری بڑھ رہی ہے، ٹیکس آمدنی میں بھی اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جاری مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں کرنٹ اکائونٹ سر پلس رہا ہے، حکومت نے سمارٹ لاک ڈائون کی پالیسی اختیار کی جس میں لوگوں کی زندگیوں کو تحفظ فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ معیشت کا پہیہ بھی رواں رکھا گیا، سمارٹ لاک ڈاون کی پالیسی کی وجہ سے پاکستان کی معیشت اب بحالی کی راہ پر گامزن ہو چکی ہے۔
برطانیہ کے ہائی کمشنر نے پاکستان کے شہریوں پر عالمگیر وباء کے معاشی اور سماجی اثرات کو کم کرنے کے ضمن میں برطانیہ کی حکومت کی طرف سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا، وزیراعظم کے مشیرنے معاونت فراہم کرنے کی پیشکش پر ہائی کمشنر کا شکریہ ادا کیا۔