احساس پروگرام کی سربراہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر بی بی سی کی ایک سو بااثر خواتین میں شامل

699

اسلام آباد: بی بی سی کی 2020ء کی ایک سو بااثر خواتین کی فہرست میں احساس پروگرام کی سربراہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر کو بھی شامل کر لیا گیا۔

بی بی سی نے سال 2020ء کیلئے دنیا بھر سے 100 بااثر خواتین کی فہرست جاری کر دی ہے، اس سال 100ویمن فہرست میں وہ خواتین شامل ہیں جوحالیہ عرصہ کے دوران معاشرے میں تبدیلی لانے اور اثرات مرتب کرنے کی وجہ بنیں۔

تخفیف غربت و سماجی تحفظ ڈویژن کے مطابق پاکستان کیلئے اعزاز کی بات ہے کہ اس سال بی بی سی کی فہرست میں احساس پروگرام کی سربراہ ڈاکٹر ثانیہ نشتر، فن لینڈ کی خواتین مخلوط حکومت کی سربراہ ثناء مارین (Sanna Marin) اور کورونا وائرس ویکسین کی تحقیق کیلئے مشہور آکسفرڈ یونیورسٹی کی سربراہ سارہ گلبرٹ کے ساتھ شامل ہیں۔

ڈاکٹر ثانیہ نشتر کو تخفیف غربت، عالمی صحت و ترقی میں اہم کردار ادا کرنے پر اس اعزاز سے نوازا گیا ہے، اس حوالے سے ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کہا کہ کووڈ۔19 کے اثرات نے ہمیں زندگی میں ایک بار موقع فراہم کیا ہے کہ ہم انصاف پسند دنیا کے قیام کے ساتھ ساتھ غربت، عدم مساوات اور موسمیاتی تبدیلی کے بحران کا خاتمہ کرسکیں۔ اس کیلئے خواتین کو برابری کی سطح پر بااختیاری حاصل ہونی چاہئے۔

ڈاکٹر ثانیہ نشتر عالمی صحت اور پائیدار ترقی کی علم بردار ہیں، 2018ء سے وہ تخفیف غربت کے پروگرام احساس کو چلا رہی ہیں جس کی بدولت موبائل فون بینکنگ، سیونگ اکائونٹس اور دیگر بنیادی وسائل کی فراہمی سے لاکھوں پاکستانیوں کے روزگار میں بہتری آئی ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here