کیمبرج: امریکی دوا ساز کمپنی موڈرنا نے کورونا ویکسین 25 ڈالر سے 37 ڈالر تک فروخت کرنے کا عندیہ دیا ہے۔
موڈرنا کے سی ای او سٹیفین بانسل نے جرمن خبررساں ادارے سے گفتگو میں بتایا کہ ان کی ویکسین کے ایک شاٹ کی قیمت 10 سے 50 ڈالر کے درمیان ہے۔
موڈرنا کے ساتھ ویکسین کی خریداری کے حوالے سے مذاکرات میں شامل یورپی یونین کے ایک عہدیدار کے مطابق یورپی کمیشن ویکسین کی دوڑ میں شامل کمپنی کے ساتھ معاہدے کے لیے تیار ہے، اگر کمپنی 25 ڈالر فی ویکسین سے کم قیمت پر دوا مہیا کرتی ہے تو وہ لاکھوں خوراکیں خریدنے کا معاہدہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔
یہ بھی پڑھیے:
فائزر اور بیون ٹیک نے کورونا ویکسین کی منظوری کے لیے درخواست دے دی
وباء سے بچنے کی امید پیدا، کورونا کیخلاف 95 فیصد موثر ویکسین تیار
تاہم موڈرنا کے سی ای او نے کہا ہے یورپی کمیشن کے ساتھ ابھی تک معاہدے پر دستخط نہیں ہوئے لیکن معاہدہ طے پانے کے نزدیک ہیں، ’ہم یورپ کو ویکسین ڈلیور کرنا چاہتے ہیں اور اس حوالے سے بات چیت بہتر طور پر جاری ہے، کچھ دنوں تک معاہدہ طے پا جانے کی توقع ہے۔‘
موڈرنا نے کچھ روز قبل اپنی ویکسین کے مؤثر ثابت ہونے کے نتائج کا اعلان کیا تھا جو کورونا کے مریضوں کو 94.5 فیصد تحفظ فراہم کرتی ہے، یہ عبوری نتائج آخری مرحلے کے کلینکل ٹرائلز کی بنیاد پر سامنے آئے ہیں، جو دوسری امریکی کمپنی فائزر کے نتائج کے بعد حوصلہ افزاء ہیں۔
ادھر امریکی دوا ساز کمپنی فائزر اور اس کی جرمن پارٹنر بیون ٹیک نے کورونا وائرس سے بچائو کی ویکسین کی فروخت کی منظوری کے لیے امریکہ کے خوراک اور ادویات کے نگران ادارے (ایف ڈی اے ) میں درخواست جمع کرا دی ہے۔
واضح رہے کہ امریکی ادویہ ساز فائزر انکارپوریشن نے کہا ہے کہ اس کی تیار کردہ کورونا ویکسین حتمی نتائج میں وائرس سے بچائو میں 95 فیصد مؤثر ثابت ہوئی ہے۔ حتمی نتائج کی بناء پر فائزر نے امید ظاہر کی ہے کہ اس کو جلد امریکا کی ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی کی جانب سے ویکسین کے عام استعمال اور مزید تیاری کی اجازت ملنے کا امکان ہے۔