اسلام آباد: دنیا بھر میں نوجوانوں کو متحرک کرنے کے لیے رضاکاروں کی تنظیمیں کام کرتی ہیں جن میں شمولیت اختیار کرکے نوجوان مختلف معاشرتی و سماجی سرگرمیوں میں اپنی خدمات سرانجام دیتے ہیں، ایسے میں پاکستان میں سماجی بہبود کی ترقی کے لیے ‘مل کر’ کے نام سے ایک جدید پلیٹ فارم شروع کیا گیا ہے۔
یہ پلیٹ فارم سابق چئیرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی) ڈاکٹر عمر سیف نے ملک میں رضاکارانہ سرگرمیوں کے فروغ کے لیے متعارف کرایا ہے۔
امریکہ اور کینڈا جیسے ممالک میں رضاکارانہ سرگرمیاں عام ہیں جو کرسمس وغیرہ جیسے مواقع پر ہزاروں افراد کے لیے اشیائے ضروریہ اور خوراک کا بندوبست کرتے ہیں لیکن پاکستان میں ایسی تنظیموں کی کمی کی وجہ سے رضاکار آسانی سے اپنی خدمات سرانجام نہیں دے سکتے تھے۔
Milkar.com ایک ایسا پلیٹ فارم ہے جس کا مقصد سماجی بہبود کی راہ میں پیش آنے والی رکاوٹوں کو دور کرکے سب کیلئے یکساں پلیٹ فارم کا قیام عمل میں لانا ہے، اس پلیٹ فارم کی مدد سے دیگر تنظمیں اور شہری خود کو رجسٹرڈ کروا پائیں گے، اس کے ذریعے شہری ایسی سرگرمیاں تلاش کر سکیں گے جہاں رضاکاروں کی ضرورت ہو۔
ڈاکٹر عمر سیف نے اپنے ایک ٹویٹر پیغام میں کہا کہ “ہم نے Milkar.com کی بنیاد ایک ایسا پلیٹ فارم بنانے کے لیے رکھی ہے جہاں رضاکار اور فلاحی تنظیمیں معاشرے کی فلاح و بہبود کے لیے رابطہ کر سکتے ہیں۔ صرف تین ماہ کے اندر ‘مل کر’ کے ساتھ 70 سے زائد شراکت دار تنظیمیں اور ہزاروں رضاکاروں منسلک ہو چکے ہیں”۔
مذکورہ پلیٹ فارم میں WWF پاکستان، ایس او ایس چلڈرن ویلیج، اخوت فاؤنڈیشن کے علاوہ کئی دوسری تنظیمں شامل ہوئی ہیں۔ مذکورہ تنظیموں میں 2700 سے زائد رضاکار شامل ہیں جنہوں نے اب تک 50 سے زائد سرگرمیوں کا انعقاد کیا ہے۔