کیلیفورینا: کیا ٹیکنالوجی نابینا افراد کو دوڑنے میں مدد دے سکتی ہے؟ اس خواب کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے امریکی ٹیکنالوجی کمپنی گوگل بینائی سے محروم افراد کی مدد کرنے کی کوششوں میں ہے۔
کمپنی ان دنوں مصنوعی ذہانت پر مبنی ایک ایسا نظام تیار کرنے کی کوششوں میں لگی ہے جو بینائی سے محروم افراد کو دوڑنے میں مددگار ثابت ہو سکے، گو کہ اس حوالے سے کام ابھی ابتدائی مراحل میں ہے۔
یہ بھی پڑھیے:
گوگل کا آن لائن کاروباروں کی ترقی کیلئے لاکھوں ڈالر خرچ کرنے کا منصوبہ
چین، فائیوجی ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے پانچ لاکھ سے زائد بیس سٹیشن قائم
اس سے قبل نابینا افراد کی مدد کے لیے دوڑ میں کتوں یا انسانی رضاکاروں کا سہارا لیا جاتا تھا لیکن اب مصنوعی ذہانت کی مدد سے نابینا افراد کُھل کر دوڑ لگا سکیں گے۔
دوڑ لگانے والے نابینا افراد کی کمر کے ساتھ ایک خاص قسم کا سمارٹ فون منسلک کیا جائے گا، اس سمارٹ فون کو پراجیکٹ گائیڈلائن ایپ کے ساتھ لنک کیا جائے گا جو موبائل کیمرے کو استعمال کر کے روڈ پر (وسط میں پیلی لائن) کو ٹریک کرکے رہنمائی مہیا کرے گی۔
ایپ کے ذریعے ہیڈفونز کا استعمال کیا جائے گا اگر دوڑ کے دوران دوڑنے والے ٹریک سے دُور ہوتے ہیں تو ہیڈفونز کے ذریعے انہیں خبردار کر دیا جائے گا، دوڑ میں ٹریک سے بار بار ہٹنے والوں کے ایک کان میں ہیڈفونز کے ذریعے آواز کو تیز کیا جائے گا تاکہ وہ دوبارہ اپنے ٹریک پر واپس آ سکیں۔
مذکورہ ایپ خراب موسم کی صورت میں بھی آسانی سے استعمال کی جا سکتی ہے اور اس ایپ کو چلانے کے لیے کسی انٹرنیٹ کی ضرورت بھی نہیں ہوتی۔