کے پی انتظامیہ نے اشیائے خورونوش میں ملاوٹ کرنے والوں کیخلاف گھیرا تنگ کر دیا

1352

پشاور: خیبرپختونخوا فوڈ سیفٹی اور حلال فوڈ اتھارٹی نے مختلف علاقوں میں اشیائے خورونوش میں ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف چھاپہ مار کارروائیوں کا آغاز کر دیا۔

اتھارٹی نے سوات کے علاقے پانڈ میں ایک فیکٹری پر چھاپہ مارا اور کارروائی کے دوران 1200 کلوگرام سے زائد مضر صحت چیری اپنی تحویل میں لے لی، فیکٹری میں چیری کو محفوظ کرنے کیلئے اس پر غیرمعیاری رنگ اور دیگر خطرناک کیمیکل بھی استعمال کیے جا رہے تھے۔ ڈائریکٹر جنرل فوڈ سیفٹی اتھارٹی سہیل خان کی ہدایت پر آپریشن کے دوران مضرِ صحت اشیاء تیار کرنے والی فیکٹریوں کو سیل کر دیا گیا۔

اتھارٹی کے مطابق ضلع مردان میں بھی اشیائے خورونوش میں ملاوٹ کے خلاف کارروائی کی گئی، جہاں 350 کلوگرام سے زائد غیرمعیاری کیچپ اور چٹنی قبضے میں لی گئی، اسی طرح مقام چوک کے قریب ایک چپس کی فیکٹری میں 50 لٹر خراب تیل بھی قبضے میں لے لیا گیا۔

مزید برآں، اتھارٹی نے مندا بازار اور لوئر دیر میں خوراک میں ملاوٹ کرنے والی دو فیکٹریوں کے خلاف بھی کارروائی کی، دونوں فیکٹریاں مٹھیائی میں واشنگ پاؤڈر کا استعمال کر رہی تھی۔ فوڈ سیفٹی ٹیم نے مختلف فیکٹریوں سے ایک ٹن سے زائد مضر گھی کو تلف کردیا۔

علاوہ ازیں، کے پی فوڈ اتھارٹی نے ڈیرہ اسماعیل میں دودھ کی کوالٹی کو جانچا اور اس میں ملاوٹ کی نشاندہی پر 2000 لٹر سے زائد دودھ تلف کر دیا۔

ڈی جی سہیل خان نے خوراک میں ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے والی ٹیموں کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ اتھارٹی کی اولین ترجیح لوگوں کو صحت بخش خوراک کی فراہمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خوراک کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کیا جائے گا اور صوبے میں اس طرح کے غیرقانونی کام کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here