لاہور: پاکستان کی آئی ٹی کمپنی سسٹمز لمیٹڈ کو فوربز میگزین نے ایشیا کی ان 200 بہترین آئی ٹی کمپنیوں کی فہرست میں شامل کر لیا ہے جن کی مالیت ایک ارب ڈالر سے کم ہے۔
سسٹمز لمیٹڈ کی بنیاد 1977ء میں رکھی گئی تھی، اسے پاکستان کا پہلا سافٹ وئیر ہاؤس ہونے کا اعزاز حاصل ہے، کمپنی کارپوریٹ سیکٹر میں اپنی کارکردگی کا ایک غیرمعمولی ریکارڈ رکھتی ہے، سیلز اور منافع کی شرح کے اعتبار سے بھی اپنی حریف کمپنیوں سے بہتر ہے۔
یہ بھی پڑھیے:
پہلی سہ ماہی میں آئی ٹی سیکٹر کی برآمدات میں 43 فیصد اضافہ
سٹیٹ بینک نے سسٹمز لمیٹڈ کی موبائل پیمنٹ ایپلی کیشن ’’OneLoad‘‘ کی منظوری دیدی
لاہور میں قائم سسٹمز لمیٹڈ امریکا میں ریٹیل، اپیرل اور مارٹگیج انڈسٹری میں بھی اپنی خدمات فراہم کر رہی ہے، اس کے علاوہ مشرقِ وسطیٰ اور شمالی امریکہ کے کئی ممالک میں بھی کام کر رہی ہے۔
سسٹمز لمیٹڈ پاکستان میں انفارمیشن ٹیکنالوجی، بی پی او یا کنٹیکٹ سینٹر سروسز سے متعلق خدمات فراہم کرنے کے حوالے سے اولین کمپنیوں میں سے ایک ہے، مزید برآں اسے پاکستان سافٹ وئیر ایکسپورٹ بورڈ کی جانب سے 2019ء میں پاکستان کی سب سے بڑی آئی ٹی ایکسپورٹر کا ایوارڈ بھی دیا گیا تھا۔
سسٹمز لمیٹڈ کے حصص کی قیمت میں بھی مارچ 2020ء کے بعد سے اب تک 277 فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے جو پاکستان میں ٹیکنالوجی کی ایک نئی لہر کی عکاسی کر رہی ہے۔