پاکستان سٹیل ملز ملازمین کی تعداد کم کرنے کیلئے 19 ارب کی ضمنی گرانٹ منظور

مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت ای سی سی کا اجلاس، نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کی مختلف ضروریات کیلئے 68.93 کروڑ روپے کے تخصیصی بجٹ کی منظوری بھی دی گئی

681

اسلام آباد: کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پاکستان سٹیل ملز (پی ایس ایم) کے ملازمین کی تعداد میں کمی کا عمل شروع کرنے کیلئے 19.656 ارب روپے ضمنی گرانٹ جبکہ نیشنل آئی ٹی بورڈ کی ضروریات پوری کرنے کیلئے 68.93 کروڑ روپے کے تخصیصی بجٹ کی منظوری دے دی۔

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس جمعہ کو وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر، وزیر اقتصادی امور مخدوم خسرو بختیار، مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین، مشیر پیٹرولیم ندیم بابر اور معاون خصوصی برائے محصولات ڈاکٹر وقار مسعود نے شرکت کی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے جنوری سے لے کر جون 2021ء تک کی توسیعی مدت میں گروپ 20 ممالک کے قرضوں کی سہولت کیلئے باضابطہ درخواست دینے کے ضمن میں وزارت اقتصادی امور کی درخواست کی منظوری دی تاہم دو طرفہ قرضوں کی معطلی کے معاہدوں کیلئے وفاقی کابینہ سے منظوری لینا ضروری ہو گا۔

یہ بھی پڑھیے: 

پاکستان سٹیل ملز کے ریٹائرڈ ملازمین کے واجبات ادا کرنے کیلئے 24 ارب جاری

ای سی سی، کورونا ویکسین کی خریداری کیلئے 15 کروڑ ڈالر گرانٹ منظور

اجلاس میں پاکستان سٹیل ملز کے ملازمین کی تعداد میں کمی کا عمل شروع کرنے کیلئے 19.656 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی، اسی طرح اجلاس میں وزیراعظم کے خصوصی پیکج کے تحت سکلز فار آل سٹریٹجی پر عمل درآمد کیلئے 50 کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (این آئی ٹی بی) کی مختلف ضروریات کیلئے 68.93 کروڑ روپے کے تخصیصی بجٹ کی بھی منظوری دی گئی۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارت توانائی کی تجویز پرعمرون سے میسرز او جی ڈی سی ایل کو باہمی مشاورت سے طے کردہ قیمت پر میسرز اینگرو کو 2.25 ایم ایم سی ایف ڈٰی گیس مختص کرنے کی منظوری دی تاہم اسے فیلڈ ڈویلپمنٹ پلان اور پیداواری لیز سے مشروط کر دیا گیا۔

اجلاس کو ٹریڈنگ کارپویشن آف پاکستان (ٹی سی پی) کے ذریعے گندم کی صورتحال کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا، وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی جانب سے کمیٹی کو بتایا گیا کہ اضافی تین لاکھ 40 ہزار میٹرک ٹن گندم کی فراہمی کے لئے اقدامات جاری ہیں، 11 اکتوبرکو ٹینڈر جاری ہوا جو 18 اکتوبر کو کھولا گیا، سب سے کم بولی دہندہ کی بولی کو قبول کیا گیا، اب 2.248 ملین میٹرک ٹن گندم درآمد کی جائے گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here