ای سی سی، کورونا ویکسین کی خریداری کیلئے 15 کروڑ ڈالر گرانٹ منظور

پہلے مرحلے میں ویکسین صحت عامہ، فرنٹ لائن ورکرز اور 65 سال سے زائد عمر کے ایک کروڑ شہریوں کو فراہم کی جائے گی

903

اسلام آباد: کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے کورونا وائرس کے انسداد کے لئے ویکسین کی خریداری کے ضمن میں 15 کروڑ ڈالر کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی اصولی منظوری دے دی ہے۔

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس جمعہ کو وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر، وزیر اقتصادی امور مخدوم خسرو بختیار، مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین، مشیر پیٹرولیم ندیم بابر اور معاون خصوصی برائے محصولات ڈاکٹر وقار مسعود نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزارت صحت کی تجویز پر کورونا وائرس کے انسداد کیلئے ویکسین کی خریداری کے ضمن میں 15 کروڑ ڈالر کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کا جائزہ لینے کے بعد اس کی اصولی منظوری دے دی گئی۔

وزارت صحت کی جانب سے اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ یہ ویکیسن کی پہلی خریداری ہو گی اور پہلی کھیپ کی ویکسین پانچ فیصد آبادی یعنی صحت عامہ اور فرنٹ لائن ورکرز اور 65 سال سے زائد العمر شہریوں کو فراہم کی جائے گی۔ اس انتظام کے تحت پہلے مرحلے میں ایک کروڑ افراد کو ویکسین دی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیے:

کورونا بے قابو، ’احتیاط نہ کی تو صورتحال بگڑ سکتی ہے‘

وباء سے بچنے کی امید پیدا، کورونا کیخلاف 95 فیصد موثر ویکسین تیار

کورونا ویکسین بنانے والی کمپنی کے شئیرز کی قیمت آسمان پر، کروڑوں ڈالر کے حصص پہلے دن فروخت

ای سی سی نے وزارت صحت کو وزارت اقتصادی امور کی مشاورت سے ویکسین کی خریداری کیلئے مالیاتی سہولت کا جائزہ لینے کیلئے عالمی بینک اور دیگر ترقیاتی شراکت داروں سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی تاکہ پہلے مرحلہ میں ویکسین کی خریداری اور مستقبل کی ضروریات کیلئے ویکسین کی اضافی کھیپ کے انتظامات کو یقینی بنایا جا سکے۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے بڑے پیمانے پر ویکسین کی خریداری، اس کی قیمت اور رسک کو کم کرنے کیلئے تمام متعلقہ سٹیٹ ہولڈرز سے مشارت کے بعد جامع تجاویز مرتب کرنے کی بھی ہدایت کی۔

واضح رہے کہ دنیا بھر کے ممالک کی طرح پاکستان میں بھی کورونا وائرس کی دوسری لہر خطرناک ثابت ہو رہی ہے، جمعہ کے روز ملک میں کورونا وائرس کے دو ہزار 738 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ 36 اموات سامنے آئیں، اس دوران 868 مریض صحتیاب بھی ہوئے جس کے بعد فعال کیسز کی تعداد 33 ہزار 562 تک پہنچ گئی۔

ملک میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 68 ہزار 665 ہو گئی جس میں سے 3 لاکھ 27 ہزار 542 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ اموات کی تعداد 7 ہزار 561 تک پہنچ گئی ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here