ٹریفک کے مسائل حل کرنے کیلئے لاہور کی مال روڈ پر سرنگ بنانے کا فیصلہ

697

لاہور: لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایل ڈی اے) نے مال روڈ پر ٹریفک کے مسائل کو کم کرنے اور اس کے بہاؤ کو برقرار رکھنے کے لیے تجاویز تیار کرنا شروع کر دی ہیں۔

مال روڈ لاہور کی مصروف ترین شاہرائوں میں سے ایک ہے، کئی بڑے کاروباری مراکز ہال روڈ موبائل مارکیٹ، نیلا گنبد سائیکل مارکیٹ، انارکلی بازار اور بِیڈن روڈ مارکیٹ کے علاوہ پنجاب اسمبلی، واپڈا ہائوس، ہائی کورٹ، جنرل پوسٹ آفس سمیت اہم سرکاری عمارتیں بھی اس شاہراہ پر واقع ہیں، رش معمول سے زیادہ ہونے کے باعث ٹریفک پولیس اور دیگر سرکاری محکموں کو ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے آئے روز مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی جانب سے مال روڈ پر ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر کرنے کے لیے ایل ڈی اے کو تجاویز پیش کرنے کا ٹاسک سونپا گیا ہے۔

اس حوالے سے ایل ڈی اے نے دو تجاویز پر کام شروع کر دیا ہے جس میں سے ایک تجویز کے مطابق مال روڈ کے ہر چوک پر دو طرفہ انڈرپاس تعمیر کر دیے جائیں جبکہ دوسری تجویز کے مطابق میاں میر پل سے نیلا گنبد چوک تک زیرِ زمین سرنگ تعمیر کر دی جائے جس کے ساتھ مختلف چوراہوں پر ایگزٹ پوائنٹس بنائے جائیں، سرنگ کی چوڑائی 40 سے 50 فٹ ہو گی۔

ذرائع نے پرافٹ اردو کو بتایا کہ اس حوالے سے مزید منصوبہ بندی کے لیے ایل ڈی اے اور نیشنل انجنئیرنگ سروسز پاکستان (نیسپاک) کی جانب سے مشترکہ سٹڈی شروع کر دی گئی ہے۔

کمشنرلاہور ذوالفقار احمد گھمن کو آئندہ کچھ روز میں مذکورہ تجاویز پر نیسپاک کی جانب سے کی گئی سٹڈی کی بنیاد پر بریفنگ دی جائے گی جس کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب کو بھی بریفنگ دی جائے گی۔

پرافٹ اردو سے بات کرتے ہوئے ترجمان ایل ڈی اے سہیل جنجوعہ نے تصدیق کی کہ انجنئیرنگ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے سرنگ تعمیر کرنے کے منصوبے پر کاغذی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

تاہم انہوں نے کہا کہ ابھی تک نیسپاک نے ڈی جی ایل ڈی اے یا کمشنر لاہور کے ساتھ زیرِغور تجویز پر بات چیت نہیں کی گئی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here