اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے محکمہ صحت کے حکام کو کورونا وائرس سے بچائو کی ویکسین کی ایڈوانس بکنگ کرنے کی اجازت دے دی جس کے بعد پاکستان نے دو ویکسین مینوفیکچررز سے رابطہ کیا ہے۔
پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت نوشین حامد نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ وفاقی حکومت نے کورونا ویکسین کی سپلائی کے لیے دو عالمی فارماسیوٹیکل کمپنیوں کو شارٹ لسٹ کیا ہے تاہم حکومت نے ابھی تک ویکسین مینوفیکچررز کے نام نہیں بتائے۔
انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں ایک کروڑ پاکستانی فرنٹ لائن ورکرز اور 65 سال سے زائد عمر کے شہریوں کو ویکسین دینے کو ترجیح دی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیے:
انسانیت کیلئے بڑا دن، کورونا کیخلاف 90 فیصد تک تحفظ فراہم کرنے والی ویکسین تیار
کورونا ویکسین بنانے والی کمپنی کے شئیرز کی قیمت آسمان پر، کروڑوں ڈالر کے حصص پہلے دن فروخت
وزیراعظم ٹاسک فورس برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے چئیرمین ڈاکٹر عطاء الرحمان نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ امریکی کمپنی فائزر نے 90 فیصد مؤثر ویکسین تیار کرنے کا اعلان کیا تھا لیکن اس کی بے حد کم درجہ حرارت پر سٹوریج کی وجہ سے یہ پاکستان کے لیے بہتر نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ویکسین کو منفی 80 ڈگری پر رکھنے کی ضرورت ہوتی ہے جو پاکستان جیسے ترقی پذیر اور گرم آب و ہوا کے حامل ممالک کے لیے ایک بڑا مسئلہ ہے، ویکسین کو ہسپتالوں تک منتقل کرنے کے لیے ‘کولڈ چین’ درجہ حرارت کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ پاکستان کے پاس ایسی سہولت موجود نہیں ہے۔