ہائی سپیڈ ڈیزل، ایل پی جی کی پیداوار میں اضافہ، جیٹ فیول، فرنس آئل کی پیداوار میں کمی

597

اسلام آباد: ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی مجموعی پیداوار میں رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران گزشتہ مالی سال کے اس عرصہ کے مقابلہ میں 2.75 فیصد کا اضافہ ہوا ہے جبکہ مٹی کے تیل کی پیداوار 35.35 فیصد فیصد زیادہ رہی ہے۔

پاکستان بیورو برائے شماریات (پی بی ایس) کی طرف سے جاری کئے جانے والے اعداد وشمار کے مطابق اس عرصہ کے دوران موٹر سپرٹ کی پیداوار میں 18.04 فیصد، ہائی سپیڈ ڈیزل کی پیداوار میں 10.20 فیصد اور ایل پی جی کی پیداوار میں 7.9 فیصد کا اضافہ دیکھے میں آیا ہے۔

تاہم جیٹ فیول آئل کی پیداوار میں 42.68 فیصد، ڈیزل آئل کی پیداوار میں 62.43 فیصد، فرنس آئل کی پیداوار میں 0.73 فیصد اور لبریکیٹنگ آئل کی پیداوار میں40.01 فیصد کی کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

ستمبر 2020ء میں ستمبر2019ء کے مقابلہ میں پٹرولیم مصنوعات کی پیداوار میں 2.84 فیصد کا اضافہ ہوا ہے، اس مہینے میں مٹی کے تیل کی پیداوار میں 13.45 فیصد، موٹر سپرٹ کی پیداوار میں 5.38 فیصد اور ایل پی جی کی پیداوار میں 9.65 فیصد اضافہ ہوا تھا۔

دوسری جانب ملک میں تیل و گیس پیدا کرنے والے اضلاع سے گزشتہ 21 ماہ کے دوران رائلٹی کی مد میں 142 ارب 97 کروڑ روپے سے زیادہ آمدن ہوئی ہے۔

پٹرولیم ڈویڑن کے ذرائع کے مطابق اگست 2019ء سے مئی 2020ء تک تیل اور گیس تلاش کرنے والی کمپنیوں نے رائلٹی کی مد میں یہ رقم جمع کرائی ہے جس میں سے خام تیل کی مد میں 51 ارب 19 کروڑ 60 لاکھ روپے اور گیس کی پیداوار پر 91 ارب 78 کروڑ 10 لاکھ روپے جمع ہوئے ہیں۔

گزشتہ دو سال کے دورا ن تیل و گیس تلاش کرنے والی کمپنیوں کی مختلف آئل فیلڈ سے 9 ہزار 444 بیرل یومیہ تیل اور 218 ایم ایم سی ایف ڈی گیس سسٹم میں شامل کی گئی ہے۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here