برسلز : 165 کمپنیوں کے ایک گروپ نے یورپی یونین کے اینٹی ٹرسٹ کے محکمے سے سرچ انجن گوگل کے خلاف سخت رویہ اپنانے کا مطالبہ کیا ہے۔
ان کمپنیوں کا الزام ہے کہ گوگل ویب سرچز میں غیرشفاف اور نامناسب انداز میں اپنی ہی خدمات کو ترجیح دیتا ہے۔ کمپنیوں کے اس گروپ میں امریکا اور برطانیہ سمیت یورپی یونین کی 21 کمپنیاں بھی شامل ہیں اوران کا الزام ہے کہ گوگل رہائش، سفر اور ملازمت کی ویب سرچز میں اپنی خدمات کو ترجیحاً پیش کرتا ہے۔
کمپنیوں کے اس گروپ نے یورپی یونین اینٹی ٹرسٹ چیف Margrethe Vestager سے گوگل کو اس حرکت سے روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔
تاہم گوگل ان الزامات کی تردید کرتا ہے، اس کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صارفین کو کسی چیز کا پابند نہیں بنایا جاتا اور اس کی حریف کمپنیوں کی خدمات حاصل کرنے کے لیے بس ایک کلک کی ضرورت پڑتی ہے۔
دنیا کے مقبول ترین سرچ انجن کے نمائندے کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ ‘ویب سرچ کرنے والے لوگ گوگل سے سب سے معتبر، بہترین اور مستند سرچ نتائج کی اُمید رکھتے ہیں، وہ ہم سے کسی خاص کمپنی کو ترجیح دینے اور انہیں چوائس کی فراہمی نہ کرنے کی اُمید نہیں رکھتے۔’
یہ بھی پڑھیے :
گوگل کا پاکستانی سکولوں کے طلباء کیلئے کمپیوٹر پروگرام
گوگل کے خلاف اینٹی ٹرسٹ کیس میں امریکی حکومت کو کامیابی ملنے کا امکان کم کیوں؟
گوگل کے خلاف یورپی یونین کے اینٹی ٹرسٹ کو شکایتی خط لکھنے والی 165 کمپنیوں میں 135 اپنی خدمات آن لائن فراہم کرتی ہیں جب کہ 30 کمپنیاں مختلف صنعتوں سے وابستہ ہیں۔
ان کمپنیوں میں گوگل کی پُرانی ناقد کمپنیاں Yelp YELP.N, Expedia EXPE.O, Trivago, Kelkoo, Stepstone and Foundem شامل ہیں۔
یورپی یونین اینٹی ٹرسٹ محکمے کو لکھے گئے خط میں ان کمپنیوں کا کہنا ہے کہ ”اگرچہ ہم ایک دوسرے کی حریف ہیں مگر ہمارا ایک مشترکہ حریف ہے اور وہ ایمانداری سے کام نہیں کرتا۔”
خط میں مزید کہا گیا ہے کہ ”اپنی خدمات کو ویب سرچز میں غیر منصفانہ ترجیح دے کر گوگل نے ناجائز فائدہ اُٹھایا ہے۔ ”
ان کمپنیوں کا یورپی اینٹی ٹرسٹ چیف کو لکھے گئے خط میں کہنا ہے کہ یورپی یونین کے وہ قوانین، جو غالب آن لائن پلیٹ فارمز کو اپنی سروسز کو غیرمنصفانہ انداز میں نمایاں کرنے سے روکنے کا کام کریں گے، اُن کے نفاذ میں ابھی کافی وقت لگے گا۔ لہذا انہیں انصاف کی فراہمی کا تقاضا ہے کہ گوگل کے خلاف کارروائی میں تاخیر نہ کی جائے۔
واضح رہے کہ یورپی اینٹی ٹرسٹ رواں سال دسمبر میں ایک عبوری قانون کا اعلان کرے گا جسے یورپی ممالک اور یورپی پارلیمنٹ کی توثیق کے بعد قانون کی حیثیت حاصل ہو جائے گی جس میں ایک سال یا اس سے زائد کا عرصہ لگ سکتا ہے تاہم یہ واضح نہیں کہ یہ نیا قانون گوگل کو ویب سرچز میں اس کی اپنی خدمات کو نمایاں کرنے سے کیسے روکے گا۔