اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ہائیڈل پاور ٹیرف میں دو روپے فی یونٹ اضافہ کرنے کی واپڈا کی درخواست پر اپنی سماعت مکمل کر لی۔
پاور سیکٹر میں ذرائع کے مطابق اگر نیپرا نے واپڈا کی درخواست کے مطابق بجلی دو روپے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دے دی تو پن بجلی کی فی یونٹ قیمت 5.67 روپے سے بڑھ کر 7.67 روپے فی یونٹ ہو جائے گی۔
اس سے قبل واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک نے واپڈا ہائیڈل پاور اسٹیشنز سے بجلی کی سپلائی کے لیے مالی سال 2021ء کے ٹیرف پر نظرثانی کرنے کے لیے نیپرا میں درخواست دائر کی تھی۔
یہ بھی پڑھیے:
ایل پی جی، سی این جی کے بعد بجلی بھی مہنگی
ٓقابل تجدید ذرائع سے بجلی بنا کر پاکستان پانچ ارب ڈالر کی بچت کر سکتا ہے‘
واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک کی جانب سے دائر کی گئی درخواست پر چئیرمین نیپرا توصیف ایچ فاروقی کی زیرصدارت سماعت کی گئی۔ چئیرمین نیپرا نے کہا کہ حقائق کی تصدیق اور اعدادوشمار کی چھان بین کے بعد اس سے متعلق حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ جاننا اہم ہے کہ واپڈا جن گرانٹس کا مطالبہ کر رہا ہے ان کے بدلے میں متعلقہ فورمز نے ان منصوبوں کو اپنی منظوری دی تھی یا نہیں۔
نیپرا نے سماعت کے دوران چئیرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین کی غیرحاضری اور جاری مالی سال کے لیے ٹیرف میں اضافے کی درخواست تاخیر سے جمع کرانے پر اظہار برہمی بھی کیا۔