لاہور: پنجاب کین کمشنر محمد زمان وٹو نے کہا ہے کہ گنے کے کاشت کاروں کو تاخیر سے ادائیگی کرنے والے شوگر ملز مالکان کو 11 فیصد مارک اپ کے ساتھ ادائیگیاں کرنا ہوں گی۔
اس اقدام سے گنے کے کاشت کاروں کا استحصال روکنے اور ان کو بروقت ادئیگیاں یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔
گنے کے کاشت کاروں نے پنجاب حکومت کو اپنے دیرینہ مسائل حل کرنے کے لیے درخواست دے رکھی تھی، کاشت کاروں کو تاخیر سے ادئیگی کی وجہ سے شوگر ملرز کے ذمہ اربوں روپے واجب الادا ہیں جس وجہ سے گنے کے کاشت کاروں کو کئی سالوں سے مشکلات کا سامنا تھا۔
یہ بھی پڑھیے:
حکومت کا درآمدی چینی مارکیٹ میں 83 روپے کلو فروخت کرنے کا فیصلہ
لاہور ہائیکورٹ: شریف فیملی، ترین کی شوگر ملز کیخلاف ایف آئی اے کی کارروائی کالعدم قرار
کین کمشنر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کاشت کاروں سے خریداری کی تاریخ کے 15 دن کے اندر ادائیگی نہ کرنے والے شوگرملز مالکان کو مجموعی رقم کے ساتھ 11 فیصد مارک اپ ادا کرنا ہو گا، یہ اس لیے کہ کسانوں کی رقم کو محفوظ کیا جا سکے اور ان کی مشکلات کا ازالہ کیا جائے۔
گزشتہ ماہ حکومت نے رواں کرشنگ سیزن کیلئے گنے کی قیمت 200 روپے فی من مقرر کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔