‘نئے ٹیلی کام  سپیکٹرم کے لائسنس رواں سال ہی جاری کیے جائیں گے‘

480

اسلام آباد: مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی کو ہدایت کی ہے کہ نئے ٹیلی کام  سپیکٹرم لائسنس کے اجراء کیلئے کنسلٹنٹ کی تعیناتی جلد اور لائسنسز کے اجراء میں شفافیت یقینی بنائی جائے۔

مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت جمعرات کو آئی ٹی سیکٹر کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری، چیئرمین پی ٹی اے اور سیکرٹری انفارمیشن ٹیکنالوجی نے بریفنگ دی۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ نئے سپیکٹرم لائسنس کے اجراء کیلئے کنسلٹنٹ کی تعیناتی دو ماہ میں مکمل ہو جائے گی، سپیکٹرم لائسنسز کے فروخت کی ابتدائی رپورٹ دسمبر میں تیار کر لی جائے گی جبکہ لائسنسز رواں مالی سال میں ہی جاری کر دیئے جائیں گے۔

مشیر خزانہ نے کہاکہ کنسلٹنٹ کی تعیناتی جلد اور سپیکٹرم لائسنس اجراء میں شفافیت یقینی بنائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ نیلامی کا پورا عمل شفاف ہونا ضروری ہے اور ایک افسر کو نامزد کیا جائے کہ وہ عوام کو باقاعدگی سے سپیکٹرم کی فروخت سے متعلق پیش رفت سے آگاہ کرے۔

اس پورے عمل سے ملک بھر میں مواصلات اور آئی ٹی خدمات کو مضبوط بنانے اور وسعت دینے میں اہم کردار ادا ہو گا، روزگار کے مزید مواقع پیدا ہوں گے اور کاروبار کرنے میں آسانی پیدا ہو گی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here