لاہور: فیڈرل بورڈ برائے ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس وصولی کا نظام خودکار بنانے، ٹیکس دہندگان کے قومی شناختی کارڈ اور دیگر تفصیلات کی تصدیق کیلئے نادرا کے ساتھ مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دئیے۔
وفاقی بورڈ برائے ریونیو کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ نادرا کے ساتھ سسٹمز کو جوڑنے سے ایف بی آر کی جانب سے ٹیکس دہندگان کو خدمات کی فراہمی میں مزید بہتری آئے گی کیونکہ اس سے ٹیکس ریفنڈز کا ڈیٹا خودکار طریقے سے ودِہولڈنگ سٹیٹمنٹس اور ٹیکس گوشواروں میں شامل کرنے میں مدد ملے گی۔
ایف بی آر کے مطابق ’اس طرح قواعد کی پاسداری پر لگنے والے وقت کی بچت ہو گی اور کاروبار کی آسانی کو بھی فروغ ملے گا، اس سہولت کی بدولت ایسے افراد کی نشاندہی کے بے پناہ مواقع پیدا ہو جائیں گے جو ٹیکس دائرے سے باہر ہیں یا اپنی آمدنی اور اثاثے چھپا رہے ہیں۔‘
اس کے علاوہ اس مرحلے پر ڈیٹا کو آپس میں جوڑنے سے آگے چل کر ایف بی آر کے سسٹم کو دیگر اداروں کے ساتھ جوڑنے کی راہ ہموار ہو گی۔
دوسری جانب وفاقی بورڈ برائے ریوینیو نے ٹیکس گزاروں اور عام عوام کو ان کے ٹیکس سے متعلق معلومات فراہم کیلئے ایپلی کیشن متعارف کرا دی ہے۔
یہ ایپلی کیشن ایف بی آر کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر دی گئی ہے، اس کے ذریعے ٹیکس گزار اور عوام اپنے اثاثوں اور ودِہولڈنگ ٹیکس کی کٹوتی سے متعلق معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔
اثاثوں اور ودہولڈنگ ٹیکس سے متعلقہ معلومات کا ڈیٹا ایف بی آر کے پاس موجود ہے، ایپلی کیشن سے حاصل کردہ معلومات کے ذریعے ٹیکس گزاروں کو سالانہ ٹیکس گوشوارے داخل کرنے میں آسانی میسر آئے گی۔