ہانگ کانگ : چین کی ٹیکنالوجی کمپنی ہواوے نے اپنے بجٹ برانڈ آنر (Honor) کو ایک کنسورشیم کو فروخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے، یہ کنسورشیم شینزن (Shenzhen) کی ریاستی حکومت اور ہینڈ سیٹ ڈسٹری بیوٹر ڈیجیٹل چائنہ نے مل کر بنایا ہے۔
اس حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ فریقین کے درمیان 100 ارب یوآن (15.2 ارب ڈالر) میں سودا طے پانے کا امکان ہے۔ ہواوے کو آنر برانڈ کی فروخت کا قدم اس لیے اٹھانا پڑا ہے کیونکہ امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی کمپنیوں کو اپنی تیار کردہ چپس ہواوے کو فروخت کرنے پر پابندی عائد کر دی تھی جس کے باعث ہواوے کو نقصان ہو رہا تھا۔
ہواوے انتظامیہ کے مطابق اب پوری توجہ بہترین اور مہنگے سمارٹ فونز کی تیاری پر مرکوز کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیے:
کورونا، گزشتہ برس کی نسبت مارکیٹ میں 16.5 فیصد کم سمارٹ فونز نظر آئیں گے
ہواوے سے خطرہ،سام سنگ کا نیا فلیگ شپ فون وقت سے پہلے لانچ کرنے پر غور
آنر کے اس سودے میں تمام اثاثہ جات جیسا کہ برانڈ، ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ کی سہولیات و صلاحیت، سپلائی چین مینجمنٹ وغیرہ شامل ہیں، اس فروخت کے نتیجے میں ڈیجیٹل چائنہ گروپ کمپنی لمیٹڈ آنر کے 15 فیصد حصص کی مالک بن جائے گی۔
ذرائع کے مطابق ڈیجیٹل چائنہ گروپ آنر کی خریداری کے لیے بینکوں سے قرضے لے گا اور ہواوے کے اس ذیلی برانڈ کی خریداری میں چین کے ٹیکنالوجی حب شینزن کی حکومت کی تین فرمز بھی شریک ہوں گی جن کا حصہ 10 سے 15 فیصد ہو گا۔
معاملے سے آگاہ ذرائع کا کہنا ہے کہ فروخت کے بعد آنر اپنی پوری انتظامیہ اور سات ہزار ملازمین پر مشتمل افرادی قوت کو برقرار رکھنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
تاہم اس ممکنہ سودے کے حوالے سے آنر، ہواوے اور ڈیجیٹل چائنہ کی انتظامیہ یا شینزن کے حکام نے کوئی تبصرہ کرنے سے فی الحال گریز کیا ہے۔