اسلام آباد: وفاقی بورڈ برائے ریونیو (ایف بی آر) نے ماسٹر ٹائلز کے ڈائریکٹر کی بیٹی کی شاہانہ شادی پر خرچ ہونے والے اخراجات کی تفصیلات طلب کر لیں۔
گوجرانوالہ کے چیف کمشنر اِن لینڈ ریونیو نے ماسٹر ٹائلز کے ڈائریکٹر شیخ محمد اقبال کو شادی کی تقریب پر غیرضروری اخراجات کرنے کے حوالے سے نوٹس بھیج دیا۔
یہ بھی پڑھیے:
شادی ہالز، کیٹرنگ سروسز کو ٹیکس نیٹ میں شامل کرنے کیلئے سروے شروع
کورونا کی وجہ سے شادی ہالز کی بندش، خیبر پختونخوا میں مالکان کی احتجاج کی دھمکی
ماسٹر ٹائلز کے ڈائریکٹر کی بیٹی کی شادی کی تقریب کے انتظامات کے ایس سی کانسیپٹ کے ذمے تھے جبکہ لاہور کے روز بلانکا کلب نے کیٹرنگ کی سہولیات مہیا کیں، فوٹوگرافی کے لیے عرفان احسن کو بلایا گیا تھا جبکہ ملک کے معروف گلوکاروں راحت فتح علی خان اور عاطف اسلم نے اپنی گلوکاری کا جادو دکھایا تھا۔
ماسٹر ٹائلز کے مالک کی بیٹی کی شادی جلال سنز گروپ کے مالک کے بیٹے سے ہوئی، شادی کی تقریب میں سیاسی، مذہبی، کاروباری اور شوبز سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیات نے شرکت کی تھی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ شادی پاکستان کی مہنگی ترین شادی خیال کی جا رہی ہے جس میں 200 کروڑ روپے کے اخراجات ہوئے۔
ایف بی آر نے کہا ہے کہ محکمے نے انکم ٹیکس آرڈیننس 2001ء کے سیکشن 176 کے تحت ودہولڈنگ ٹیکس کی معلومات کے لیے نوٹس جاری کیا ہے جس کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔