لاہور: وفاقی کابینہ کی ہدایت پر پنجاب حکومت نے صوبہ بھر میں 75 مختلف چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں (ایس ایم ایز) کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے مختلف قسم کے ٹیکس معاف کر دئیے۔
اس ضمن میں صوبائی دارالحکومت لاہور اور صوبہ بھر کی ضلعی انتظامیہ کو فیصلے پر عملدرآمد کرانے کے لیے نوٹی فکیشن جاری کر دیا گیا ہے۔ معاف کردہ ٹیکسوں میں پروفیشنل ٹیکس، پروفیشنل لائسنس فیس اور ووکیشنل فیس شامل ہیں۔
ان چھوٹے کاروباروں میں گروسری شاپس، سبزیوں اور پھلوں کے سٹال، پلمبر، حجام، لانڈری، گوشت فروش، آئس کریم پارلر، ریستوران، جنرل سٹور، ڈیپارٹمنٹل سٹور، ویلڈنگ شاپ، فلور ملز، چکن شاپ، جوتوں کی دکانیں، دودھ فروش، درزی، بیوٹی پارلر، کپڑوں کے سٹور اور دیگر 56 دوسرے چھوٹے کاروبار شامل ہیں۔