کورونا کی دوسری لہر: شادی ہالز میں تقریبات پر پابندی، ماسک نہ پہننے پر جرمانہ ہوگا

1515

لاہور: ملک بھر میں کورونا وائرس کی دوسری لہر شدت اختیار کر رہی ہے، ایسے میں نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) نے اِن ڈور شادی کی تقریبات پر 20 نومبر سے 31 جنوری 2021ء تک پابندی عائد کر دی ہے۔

این سی او سی کے مطابق شادی ہالز کے اندر تقریبات پر مکمل پابندی ہو گی، آؤٹ ڈور شادی کی تقریب میں ایک ہزار سے زائد افراد شریک نہیں ہو سکیں گے جبکہ اس دوران  ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کرنا لازم ہو گا۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر نے سرکاری اور نجی دفاتر کے ملازمین کے حوالے سے کہا ہے کہ سرکاری و نجی دفاتر میں 50 فیصد ملازمین کام کریں گے، باقی ملازمین گھر سے کام کریں گے۔

مُلک میں کورونا وائرس کے بڑھتے خطرات کے پیش نظر این سی او سی نے سٹیج ٹو کے تحت ماسک کا استعمال نہ کرنے پر 100 روپیہ جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔

این سی اوسی کے مطابق فیصلوں پرعملدرآمد 7 نومبر سے شروع ہو کر 31 جنوری 2021ء تک جاری رہے گا۔

این سی او سی نے بتایا کہ کراچی، لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی اور ملتان زیادہ متاثرہ شہروں میں شامل ہیں جبکہ حیدر آباد، گلگت، مظفرآباد، میر پور، پشاور ، کوئٹہ ، گوجرانوالا، گجرات، فیصل آباد، بہاولپور اور ایبٹ آباد میں بھی حکمت عملی کا اطلاق کیا جائے گا۔

ادھر کراچی میں بھی ماسک کو لازمی قرار دیا گیا ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی افتخار شلوانی نے کہا ہے کہ جو شہری اس ماسک پہننے کی ہدایت کی خلاف ورزی کریں ان کے خلاف کارروائی کریں اور 500 روپے تک جرمانہ عائد کریں۔

کمشنر نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز دکانداروں اور مارکیٹوں پر کورونا ایس او پیز پر عمل درآمد کو  یقینی بنائیں دکانداروں کو پابند کریں کہ وہ خود بھی ماسک لگائیں اور بغیر ماسک خریداروں کو دکان میں داخل نہ ہونے دیں۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا کی دوسری لہر جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مہلک وائرس سے  30 ہلاکتیں اور 1376 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here