لاہور: پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) نے گوادر انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے بین الاقوامی پروازیں چلانے کا عندیہ دے دیا۔
پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ائیر مارشل ارشد ملک نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آر سی سی آئی) کا دورہ کیا جہاں انہوں نے صدر آر سی سی آئی محمد ناصر مرزا اور چیمبر کے دیگر اراکین سے ملاقات کی۔
اس موقع پر آر سی سی آئی نے اسلام آباد سے گوادر، امریکہ، یورپ اور افغانستان تک پروازیں چلانے کی درخواست کی جس کے جواب میں ارشد ملک نے کہا کہ گوادر ائیرپورٹ سے پروازیں بڑھانے کی فیزیبلیٹی پر غور کریں گے۔
انہوں نے کاروباری برادری کو یقین دلایا کہ قومی ائیرلائن ان کی درخواست پر غور کرے گی، اس وقت ری فیولنگ کی مناسب سہولیات نہ ہونے اور رن وے چھوٹا ہونے کی وجہ سے گوادر کے متبادل کراچی ائیرپورٹ کو استعمال کیا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیے:
پی آئی اے کا بحالی کیلئے پانچ سالہ کاروباری پلان کیا ہے؟
چین کیلئے کارگو فلائٹس، ریان ائیر نے پی آئی اے سے بوئنگ 777 طیارے کرائے پر لے لیے
یورپ اور امریکہ کی پروازوں سے متعلق ائیرمارشل (ر) ارشد ملک نے کہا کہ سفری پابندیاں ختم ہونے کے بعد پروازوں کا سلسلہ شروع ہو جائے گا، پی آئی اے نے تمام قواعد و شرائط کو پورا کر دیا ہے اور پروازں کی منظوری کا انتظار کر رہی ہے۔
اس موقع پر صدر آر سی سی آئی محمد ناصر مرزا نے پی آئی اے کے سی ای او کو سفر کے علاوہ کارگو کی سہولیات فراہمی کی درخواست بھی کی، ارشد ملک نے پی آئی اے حکام کو چیمبر اراکین کے لیے بزنس پیکیج تشکیل دینے کی ہدایت کی۔ بزنس پیکیج کے بعد ایک تحریری یاداشت پر دستخط کیے جائیں گے۔ ارشد ملک نے اس بات پر زور دیا کہ ائیرلائن کا روزویلٹ ہوٹل فروخت کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔