سیمنٹ کی قومی برآمدات 36 فیصد اضافہ سے 2.74 ملین ٹن تک پہنچ گئیں

652

اسلام آباد: رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی (جولائی تا ستمبر) کے دوران سیمنٹ کی برآمدات 2.74 ملین ٹن تک پہنچ گئیں۔

اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران سیمنٹ کی برآمدات کا حجم 2.02 ملین ٹن رہا تھا جس میں رواں سال کی پہلی سہ ماہی میں 36 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

پاکستان سٹاک ایکسچینج کو بھیجے گئے 14 مختلف سیمنٹ ساز اداروں کے مالیاتی نتائج کے مطابق گزشتہ مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے مقابلہ میں رواں مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران سیمنٹ کی صنعت کی مالی کارکردگی میں نمایاں بہتری ہوئی ہے اور خسارہ کے مقابلہ میں صنعت کو بعد از ٹیکس آمدن ہوئی ہے۔

رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران سیمنٹ کی مقامی صنعت کو 5574 ملین روپے بعد از ٹیکس آمدن ہوئی ہے جبکہ گزشتہ مالی سال کے اسی عرصہ کے دوران اس صنعت کو 1532 ملین روپے کے خالص خسارے کا سامنا تھا۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ مالی سال کے پہلے تین ماہ کے دوران سیمنٹ کی سیلز کا حجم 58066 ملین روپے رہا تھا جو رواں مالی سال کے اسی عرصہ میں 77060 ملین روپے تک بڑھ گیا۔

اس طرح سیمنٹ ساز مقامی صنعت کی سیلز میں 33 فیصد اضافہ ہوا ہے جس کے نتیجہ میں مقامی صنعت کو منافع حاصل ہوا ہے۔

ترجمان آل پاکستان سیمنٹ مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے مطابق اگر حکومت ڈیوٹیز اور ٹیکسز ریشنلائز اور ایکسائز ڈیوٹی ختم کرتی ہے تو سیمنٹ کی کھپت میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔

دوسری جانب وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق دائود نے سیمنٹ کی برآمدات اور فروخت میں اضافہ کو حوصلہ افزاء قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اکتوبر 2020ء میں سیمنٹ کی اب تک کی سب سے زیادہ 5.735 ملین ٹن فروخت ریکارڈ کی گئی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here