پہلی آزمائشی فائیوجی ویڈیو کال، پاکستان میں سروس کب شروع ہو گی؟

بلوچستان، سندھ کے دور دراز علاقوں میں انٹرنیٹ فراہمی کیلئے یونیورسل سروسز فنڈ اور زونگ میں معاہدہ، فائیوجی سپیکٹرم کیلئے تمام امور آخری مراحل میں ہیں، جلد ہی نیلامی ہو گی: وفاقی وزیر آئی ٹی سیّد امین الحق

855

اسلام آباد: پاکستان میں پہلی فائیوجی وڈیو کال کا آزمائشی مرحلہ کامیابی سے مکمل کر لیا گیا۔

وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکشن سید امین الحق نے زونگ نیٹ ورک کے ذریعے اسلام آباد سے بیجنگ پہلی بین الاقوامی فائیوجی وڈیو کال کی جس میں ہزاروں میل دوری کے باوجود بہترین وڈیو اور صاف آواز کا مشاہدہ کیا گیا۔

فائیوجی آزمائشی کال کی خصوصی تقریب گزشتہ روز زونگ ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں منعقد ہوئی، تقریب میں وفاقی وزیر آئی ٹی سیّد امین الحق، سیکرٹری آئی ٹی شعیب صدیقی، چیئرمین پی ٹی اے عامر عظیم باجوہ، چیئرمین زونگ وانگ ہوا اور سی ای او یو ایس ایف حارث محمود نے بھی شرکت کی۔

تقریب سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کر تے ہوئے وفاقی وزیر سید امین الحق نے کہا کہ ان کیلئے نہایت فخر و اعزاز کی بات ہے کہ وہ اپنے ملک میں ایسی سروس کے آزمائشی مرحلے کے گواہ بن رہے ہیں، فائیو جی کی آمد پاکستان اور پاکستانیوں کیلئے ٹیکنالوجی کا ایک اہم ترین سنگ میل ثابت ہو گی۔

سید امین الحق نے کہا کہ یہ تاریخی لمحہ ہے کہ پاکستان میں فائیوجی ٹیکنالوجی وجود میں آ چکی ہے جس کو متعارف کرانے کیلئے وزارت آئی ٹی اور متعلقہ ادارے اقدامات کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فائیو جی ٹیکنالوجی کے تحت موبائل فون اور انٹرنیٹ کی سہولت اگلے سال تک صارفین کو فراہم کر دی جائے گی، بلوچستان اور سندھ کے دور دراز علاقوں میں انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے کیلئے یونیورسل سروسز فنڈ نے ایک بڑا معاہدہ کیا ہے جس کے تحت زونگ بلوچستان کے ضلع جعفرآباد، نصیر آباد، صحبت پور، کراچی کے اضلاع غربی و ملیر میں فورجی براڈ بینڈ سروس فراہم کرے گی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت وزیراعظم عمران خان کے وژن کے مطابق سرکاری اداروں میں ای گورننس کے منصوبے پر کام کر رہی ہے۔ ڈیجیٹل پاکستان وژن کی تکمیل کیلئے ہر علاقے میں موبائل فون رابطوں اور براڈ بینڈ سروسز کی فراہمی یقینی بنانا لازمی ہے۔

سید امین الحق نے کہا کہ موبائل ایپس، ویب پورٹلز، ای کامرس، ای گورنمنٹ،ای ایجوکیشن، آن لائن نوکریاں ڈیجیٹل پاکستان ویژن کا حصہ ہیں۔ ڈیجیٹل پیمنٹس، آئی ٹی پارکس کے قیام سمیت دیگر منصوبوں پر تیزی سے کام ہو رہا ہے، اربوں روپے لاگت سے فائبر آپٹکس اور نیٹ ورکنگ میں توسیع کے منصوبے یونیورسل سروس فنڈ (یو ایس ایف) کے تحت زیرتکمیل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزارت آئی ٹی یو ایس ایف کے تحت ہر ماہ براڈ بینڈ اور نیٹ ورک توسیع کا ایک نیا منصوبہ عوام کیلئے پیش کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ حالیہ دو برسوں میں پاکستان میں موبائل فون استعمال کرنے والوں کی تعداد 81 فیصد سے زائد ہو چکی ہے، براڈ بینڈ سروس استعمال کرنے والوں کی تعداد بھی 42 فیصد سے تجاوز کر چکی ہے۔

سید امین الحق نے کہا کہ وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکشن کی ڈیجیٹل پاکستان کیلئے کی جانے والی تمام کوششیں اپنے درست سمت میں ہیں، پاکستان میں فائیو جی سپیکٹرم کیلئے تمام امور آخری مراحل میں ہیں اور جلد ہی اس کی نیلامی کا انعقاد کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم ٹیکنالوجی کی جدت سے خود کو ہم آہنگ کرنے کے ساتھ دور دراز علاقوں تک نیٹ ورکنگ توسیع کیلئے ب مصروف ہیں، عوام مطمئن رہیں اگر ان کے علاقے میں نیٹ ورکنگ کا کسی بھی قسم کا کوئی مسئلہ درپیش ہے تو وہ ہم سے مخفی نہیں۔

واضح رہے کہ فائیو جی کال میں زونگ کی پشت پر چائنہ موبائل کمیونیکشنز کمپنی کی بھرپور معاونت شامل ہے، کمپنی چین کے 50 شہروں میں ایک لاکھ 88 ہزار فائیو جی بیس سٹیشنز کے ساتھ دنیا کی سب سے بڑی ٹیلی کمیونیکشن کمپنی کا اعزاز رکھتی ہے۔

اس موقع پر چیئرمین پی ٹی اے عامرعظیم باجوہ نے کہا کہ ڈیجیٹل پاکستان پر تیزی سے کام جاری ہے، براڈ بینڈ صارفین میں ہر ماہ دو ملین کا اضافہ ہو رہا ہے، پاکستان میں براڈ بینڈ صارفین کی تعداد 88 ملین ہے، اضافی سپیکٹرم کی نیلامی جلد کرنے جا رہے ہیں، سیلولر اور ٹیلی کام سیکٹر کا مستقبل پاکستان میں روشن ہے۔

معاہدہ پر دستخط وزارت آئی ٹی کے ادارے یونیورسل سروس فنڈ اور زونگ کے سربراہان نے کئے، معاہدے کے تحت نصیر آباد، جعفرآباد، صحبت پور، کراچی کے ضلع غربی و ملیر میں فورجی سہولت کی فراہمی ہوگی۔

جواب چھوڑیں

Please enter your comment!
Please enter your name here